کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون ٹو کے زیراہتمام جاری پروفیسر اعجاز فاروقی 20 اوورز انٹرکلب کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید دو کوارٹر فائنل میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔
راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی گراونڈ پر کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں منصورہ اسپورٹس نے تیسر ٹاؤن ٹائیگرز کو 29 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ منصورہ اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے۔ احمد الطاف نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 57 گیندوں پر 11 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست سنچری (117 رنز) اسکور کی۔ صبیح احمد نے 40 اور آصف قدوائی نے 36 رنز جوڑے۔ تیسر ٹاؤن ٹائیگرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19.3 اوورز میں 206 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ گلزار علی نے 72، محمد افضل نے 43 اور حبیب اللہ نے 35 رنز بنائے۔ منصورہ اسپورٹس کی جانب سے عبدالستار نے 3 جبکہ محمد آفتاب اور زوہیب علی خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹی ایم سی گراونڈ پر کھیلے گئے دوسرے کوارٹر فائنل میں گلشن معمار کرکٹ کلب نے یونائیٹڈ اسپورٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ یونائیٹڈ اسپورٹس کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.4 اوورز میں 127 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اویس علی خان نے 32 اور غازی عباد ناصر نے 29 رنز اسکور کئے۔ گلشن معمار کے محمد انس خان نے 4 اور عمر فاروق نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں گلشن معمار کلب نے مطلوبہ ہدف 13.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ قربان بروہی نے جارحانہ بیٹنگ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 40 گیندوں پر 11 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔ حارث نوید نے 27 رنز اسکور کئے۔