کراچی، (اسٹاف رپورٹر) سندھ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کو شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا، کراچی کی سینیٹ کا رکن نامزد کر دیا ہے۔ یہ نامزدگی وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا ایکٹ 2013 کے تحت تین سالہ مدت کے لیے کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ تعلیمی نظم و نسق اور عوامی پالیسی میں فنونِ لطیفہ اور ثقافت کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے، جس سے قانون اور سماج، نظریے اور عملی تجربے، کلاس روم اور کمیونٹی کے درمیان فاصلے کو کم کرنے میں مدد ملے گی فنون و ثقافت کے نمائندے کو کسی جامعہ کی گورننگ باڈی میں شامل کرنا ایک خوش آئند اور مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
محمد احمد شاہ نے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر فنونِ لطیفہ، ادب، تھیٹر، موسیقی، رقص اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام گزشتہ سال منعقد ہونے والے ورلڈ کلچر فیسٹیول میں 140 سے زائد ممالک کے فنکاروں نے شرکت کی، جس سے پاکستان کا عالمی ثقافتی تشخص مزید مضبوط ہوا۔
اس کے علاوہ عالمی اردو کانفرنس، پاکستان ادب میلہ، تھیٹر، ڈانس اور میوزک فیسٹیولز سمیت متعدد بڑے ثقافتی پروگرام کامیابی سے منعقد کیے گئے۔ محمد احمد شاہ 2023 میں سندھ حکومت میں وزیر اطلاعات، اقلیتی امور اور سماجی تحفظ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔