کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/سپورٹس رپورٹر ) اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف سندھ (سجاس) کے تحت سالانہ ایوارڈز 2025 کی پروقار تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں کھیلوں اور اسپورٹس جرنلزم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز، گولڈ میڈلز اور کیش انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر تھے، جبکہ چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اسپورٹس سینیٹر رانا محمودالحسن سمیت سیاسی، صحافتی اور اسپورٹس حلقوں کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں سینئر اسپورٹس جرنلسٹ انور زبیری کو سجاس ڈاکٹر ایم اے شاہ گولڈ میڈل جبکہ آئی بی ایس ایف انڈر 17 ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد حسنین اختر کو سجاس گولڈ میڈل اور 50 ہزار روپے کیش ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین اسپورٹس اینکرز کے ایوارڈ نسیم راجپوت اور سویرا پاشا کے نام رہے، جبکہ طارق اسلم (پرنٹ میڈیا)، عباداللہ خان (الیکٹرانک میڈیا) اور نبیل طاہر (انگریزی میڈیا) بہترین رپورٹرز قرار پائے۔ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سینئر جرنلسٹس اسحاق بلوچ اور وزیر قادری کو دیا گیا، جبکہ بہترین اسپورٹس آرگنائزرز کا اعزاز نسیم قریشی اور محمد طلحہ نے حاصل کیا۔
صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ سجاس کا کھیلوں کے فروغ میں کردار قابلِ تحسین ہے اور یہ فخر کی بات ہے کہ سجاس کے ایوارڈ ونرز آج بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ سینیٹر رانا محمودالحسن نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود سجاس نے ایوارڈز کی روایت کو برقرار رکھ کر مثال قائم کی ہے۔ تقریب کے دوران قرعہ اندازی کے ذریعے سجاس کے چار ممبران کو عمرے کی سعادت بھی حاصل ہوئی، جبکہ جونیئر ایتھلیٹس، اسپورٹس آرگنائزرز اور جرنلسٹس کو مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔