راولپنڈی، (ویب اسپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا اور آخری میچ یکم نومبر کو اسی مقام پر ہوگا۔
195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 18.1 اوورز میں 139 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ آل راؤنڈر محمد نواز نے 36 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلنے کے ساتھ تین وکٹیں بھی حاصل کیں، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ صائم ایوب نے 28 گیندوں پر 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں ایک چوکا اور چار چھکے شامل تھے، جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 19 گیندوں پر 24 اور عثمان خان نے 12 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاربن بوش نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جارج لنڈے نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم پاکستان نے چھاتی کے سرطان سے آگاہی مہم کی حمایت میں گلابی کِٹ پہن کر میدان میں شرکت کی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر ریزا ہینڈرکس نے 40 گیندوں پر 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ جارج لنڈے نے 22 گیندوں پر 36 رنز بنا کر اسکور کو مضبوط کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 26 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔