سلیکان ویلی (ویب مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ جلد ہی آئی فون سے اینڈروئیڈ فون اور اینڈروئیڈ سے آئی فون پر منتقل ہونے والے صارفین کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے جا رہا ہے۔ واٹس ایپ سے متعلق خبریں اور اپ ڈیٹس دینے والی ویب سائٹ وے بیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ انتظامیہ اس فیچر پر گزشتہ کئی ماہ سے کام کر رہی ہے اور جلد ہی واٹس ایپ کے استعمال کنندگان ایک آپریٹنگ سسٹم سے دوسرے آپریٹنگ سسٹم پر اپنی چیٹ کو منتقل کرسکیں گے۔ رواں سال مارچ میں ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ واٹس ایپ دو آپریٹنگ سسٹمز کے درمیان چیٹ منتقل کرنے کے فیچر پر کام کر رہا ہے۔ کیوں کہ گوگل اینڈروئیڈ صارفین کے لیے چیٹ کا بیک اپ گوگل ڈرائیو پر جب کہ آئی فون کے صارفین کی چیٹ کا بیک اپ آئی کلاؤڈ پر بناتا ہے۔ اور یہ دونوں ایک دوسرے کے بیک اپ کو منتقل کرنے کی اجازت نہیں دیتے اور ایک موبائل سے دوسرے فون پر منتقل ہونے پر صارف گوگل ڈرائیو یا آئی کلاؤڈ پر موجود واٹس ایپ کے چیٹ بیک اپ کو منتقل نہیں کر سکتے۔ آئی فون سے اینڈروئیڈ اور اینڈروئیڈ سے آئی فون پر چیٹ کس طرح منتقل ہوگی وہ درج ذیل ویڈیو میں بتایا گیا ہے۔