کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء و رکن قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی نے سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور لوگوں کو بہت زیادہ احتیاط اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام پاکستانی بالخصوص کراچی کے شہری قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے بہت زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ آفتاب حسین صدیقی نے کہا ہے کہ میں سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہوں کہ وباء کے نام پر صوبے میں کاروبار زندگی کو معطل کرنے کا فیصلہ انتہائی غیر دانشمندانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کیلئے لاک ڈاؤن کیا جاتا رہا لیکن وزیراعظم پاکستان عمران خان نے لوگوں کو وباء سے بچانے کے ساتھ ساتھ کاروبارزندگی بحال رکھنے کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نظریہ پیش کیا جو انتہائی کامیاب رہا اور پاکستان نے اپنی بہترین حکمت عملی کے ذریعے کورونا کے کیسز کو بڑھنے سے روک دیا۔کراچی میں لاک ڈاؤن ممکن نہیں ہے، شہر کی 40 سے 45 فیصد آبادی کچی آبادیوں میں مقیم ہے جہاں ایک ایک کمرے میں چھ چھ لوگ رہتے ہیں جبکہ کراچی میں یومیہ مزدوری پر کام کرنے والے غریب مزدور کہاں سے چولہا جلائیں گے۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن سندھ حکومت ایک بار پھر گزشتہ سال کی طرح کراچی کو معاشی بدحالی کی طرف لیجانا چاہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہے کہ کراچی کے رکنے سے ملک کی معیشت کا پہیہ بھی رک جائیگا، انہوں نے کہا کہ ہم ایس او پیز پر عملدرآمد کے مخالف نہیں ہیں لیکن سندھ حکومت عوام کا معاشی استحصال کرنے کے بجائے تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر فیصلے کرے۔ آفتاب حسین صدیقی نے کہا کہ جہاں کیسز زیادہ ہیں وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن کر دیا جائے اور زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے جبکہ ہم تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور سندھ حکومت کو تاجر کش پالیسیوں پر عمل کرنے کی اجازت نہیں دینگے، شہرمیں کاروبار بحال کیا جائے اور این سی او سی کے اقدامات کی پیروی کی جائے۔