کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ شہید ہمارے اصل ہیروز ہیں، شہید کی موت پوری قوم کی حیات ہے۔ ان ہیروز کی قربانیوں کوتاقیامت یاد رکھا جائے گا جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں امن و امان اور عوام کی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ شہیدوں کی عظیم اور بے لوث قربانیوں کو محض کسی دن تک محدود نا کیا جائے۔ سپاہی قوم کے محافظ ہیں جو ہمہ وقت لاقانونیت کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں۔ میڈیا سپاہیوں کے بہادری سے لڑ کر جان دینے کو ہلاکت کے بجائے شہادت لکھا کرے۔ پاسبان مادر وطن اور عوام کی حفاظت کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والے عظیم شہیدوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ بہادری اور بے جگری کے ساتھ سماج دشمن عناصر کو کیفر کردار پہنچانے والے دلیر جوانوں کو شہادت پر نشان حیدر کی طرز پر خراج تحسین پیش کیا جائے۔ یہ بہادر نوجوان میں ہماری حفاظت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ قوم ان کے احسان کو فراموش نہ کرے بلکہ شایان شان ان کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔ پاسبان کا مطالبہ ہے کہ سندھ پولیس کو بھی جدید ترین اسلحہ سے لیس کیا جائے تاکہ وہ کسی بھی دشمن قوت کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاسبان پریس انفارمیشن سے جاری بیان میں شکار پور کے علاقے گڑھی تیگو میں ڈاکوؤں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔ الطاف شکور نے مزید کہا کہ ہر قوم کی بقا کے لیے ایسے افراد کی ضرورت ہوتی ہے جو اپنی زندگی کا نذرانہ دے کر قوموں کو دوام بخشیں۔ پولیس سمیت دیگر تمام فورسز ملک و قوم کی محافظ ہیں۔ ہمارے پولیس اہلکار امن و امان قائم رکھنے کے لئے مسلسل جان قربان کررہے ہیں۔ ان کی قربانیوں کو نظر انداز کرنا کسی طرح بھی درست نہیں۔ دشمن قوتیں مسلسل ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے درپے ہیں۔ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں ایسے میں ہمارے بہادر سپاہی ہی ہیں جو سرحدوں اوراندرون ان دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ جہاں ان عظیم شہیدوں کو تحسین کے کلمات سے نوازا جا رہا ہے وہیں شکار پور کے ایک پسماندہ سے علاقہ میں موجود ڈاکوؤں کے پاس موجود جدید ترین راکٹ لانچر، اینٹی ایئر کرافٹ گنز اور اسلحہ سندھ حکومت اور اس کی انتظامی صلاحیت پرایک سوالیہ نشان ہے۔ پولیس کے اہلکاروں کی قیمتی جانیں ضائع ہونے کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ پولیس جوانوں کو فراہم کی گئی بکتر بند گاڑیاں کیسی تھیں جن میں گولی اندر گئی اور اندر بیٹھے افراد کی جانیں چلی گئیں؟ دہشت گردوں کیخلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے جوانوں کو قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہیدوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ہمارا ملک امن و امان کا گہوارہ بنے گا۔