کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین رفیق احمد خاصخیلی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف پی پی کے احتجاج کا اعلان ڈھونگ اور ڈرامہ ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومتیں با اختیار ہیں تو حکومت سندھ کیوں بے اختیار ہونے کا رونا رورہی ہے؟ وفاق پٹرولیم مصنوعات،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرتا ہے لیکن سبزیاں، انڈے، دودھ اور اور سندھ کے کھیتوں میں اگنے والی اجناس کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار تو وزیراعلیٰ سندھ کے پاس ہے۔ پیپلز پارٹی اگر سندھ میں بے اختیار ہے تو اقتدار سے کیوں چمٹی ہوئی ہے؟ سندھ کو لوٹو،پارٹی چلاؤ اور سندھ کی عوام کو بیوقوف بناؤ، کی پالیسی اب نہیں چلے گی۔ 50 سالہ مسلسل طویل حکومت میں بھی پی پی پی سندھ کے عوام کے لئے پینے کے صاف پانی کا سسٹم لاسکی اور نہ ہی صحت و صفائی کے مسائل حل کر سکی۔ نا ہی سندھ کے طلبہ کو کو بہتر تعلیمی نظام دے سکی بلکہ پہلے سے موجود بہترین تعلیمی اداروں کا بھی بیڑہ غرق کر دیا گیاہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے کمانے کی پالیسی اپنائی اورسندھ کے عوام کومسائل کے انبار اور مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کا کراچی کو چارٹر سٹی کا درجہ دینے کا مطالبہ، عوام کے حقوق کے تحفظ اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے وائس چیئرمین رفیق احمد خاصخیلی نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سے تمام صوبوں نے ترقی کی سوائے صوبہ سندھ کے۔ جہاں کی عوام موہنجودڑو کے زمانے میں دھکیل دی گئی ہے۔پیپلز پارٹی چودہ سالوں سے سندھ پر مسلط ہے۔ روٹی، کپڑااور مکان کے نام پر بھوک، ننگ اور فاقوں کے علاوہ عوام کو کچھ نہیں دیا۔ آوار کتوں کے کاٹنے کے کیسز ہوں، ڈینگی کیسز یا پھر ایڈز جیسا مہلک مرض، سندھ حکومت کو کسی مسئلے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ سندھ کی صوبائی حکومت اگرسندھ کے عوام سے مخلص ہے تو وہ تمام اجناس جو سندھ کی پیداوار ہیں ان کے نرخوں میں فوری کمی کا اعلان کرے۔ سندھ کی زمیں قدرتی گیس کے زخائر سے مالا مال ہے، سپلائی کا نظام شفاف بنا کر عوام کو سردیوں میں گیس کے بحران اور لوڈ شیدنگ سے نجات دلائے۔ وزراء کی مراعات ختم کر کے، تنخواہوں میں کمی کرکے مہنگائی کے مارے عوام کو مزید معاشی مشکلات سے بچایا جا سکتا ہے۔