Home / اہم خبریں / ٹیکسٹائل انڈسٹری کی تباہی کے اقدامات کراچی بلکہ ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ چیف آرگنائزر پی ڈی پی اقبال ہاشمی

ٹیکسٹائل انڈسٹری کی تباہی کے اقدامات کراچی بلکہ ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ چیف آرگنائزر پی ڈی پی اقبال ہاشمی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کپاس کے بعد گیس کی سپلائی بند کرکے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی تباہی کے اقدامات صرف کراچی نہیں بلکہ ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ غلط پالیسیوں کے باعث صنعتیں بیرون ملک منتقل ہونے کے خدشات ہیں۔ عمران خان کی پالیسیوں سے صنعت کار اور تجارتکار خوفزدہ ہیں۔ ان کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے انہیں فری ہینڈ دیا جائے۔ ملک کی تقدیر بدلنے میں صنعت کار اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ عوام کے لئے بڑی تعداد میں ملازمتیں یہ صنعتی سیکٹر ہی پیدا کر سکتا ہے۔ بے جا پابندیاں ختم کرکے انہیں ہر ممکن سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ صنعتکار سرمایہ کاری اور صنعتیں بیرون ملک منتقل کرنے کے بجائے ملک میں آزادانہ کام کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔ لوڈشیڈنگ صنعتوں کی سب سے بڑی دشمن ہے۔ مقامی صنعتوں کو بجلی، پانی اور گیس ارزاں قیمتوں پر دہلیز پر مہیا کی جائیں۔ نئی صنعتوں کے قیام پر امپورٹ ڈیوٹی ختم کی جائے اور پانچ سال کا ٹیکس ہالی ڈے دیا جائے۔ عمران خان اور ان کی ٹیم پاکستان کی مربوط معاشی ترقی پر توجہ دیں۔ صنعتکاروں کو بجلی، پانی اور گیس ارزاں قیمتوں پر فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کی جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں مقامی ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمد کنندگان کے صنعتیں بیرون ملک منتقل کرنے کے فیصلہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور گیس بحران کے باعث ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بیرون ملک منتقلی کی خبریں افسوسناک ہیں۔ ایک طرف اربوں کھربوں ٹیکس نیٹ ورک وسیع کرنے کے منصوبے اور دوسری طرف گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ذریعے صنعتوں کی بندش متضاد پالیسی ہے۔ صنعتکاروں کو سستی گیس، بجلی، پانی، پختہ سڑکیں و دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے والے ممالک نے ہی صنعتی ترقی کی ہے۔عمران خان حکومت ہوش کے ناخن لے اور اپنی ترجیحات اور محض وقت گذاری کی پالیسی ترک کرے۔ تاجر ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ٹیکسٹائل کے تاجروں کو اعتماد میں لیا جائے۔ محب وطن معاشی ماہرین کو اسی طرح نظر انداز کیا گیا تو ملک مزید تباہی کی دلدل میں پھنستا چلا جائے گا۔ پی ٹی آئی کی ناقص معاشی پالیسیوں سے ملکی معاشی ترقی شدید متاثر ہوئی ہے۔ پاکستان میں طبقاتی نظام اور معاشی ابتری نے عام باصلاحیت شہریوں کے ترقی کے راستے مسدود کر دئیے ہیں۔ معیشت کے استحکام اور معاشی ترقی کے لئے ضرورت موجودہ معاشی پالیسیوں پر نظرثانی کرنے کی ہے۔

 

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے