کراچی (نوپ نیوز) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد اسلم غوری، صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد، مولانا محمد غیاث، مولانا سمیع سواتی، مفتی محمد خالد و دیگر نے جامعہ مفتاح العلوم فیز ٹو کی چاردیواری کی منہدم کرنے کے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے منگھو پیر میں دینی ادارے جامع مسجد اقصی اور جامعہ مفتاح العلوم فیز ٹو کی چار دیواری گرانا عذاب الہٰی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
جمعیت علماء اسلام کے کارکنان نے افسوسناک واقعے کیخلاف نادرن بائی ہاس پر دھرنا دیا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ جامعہ مفتاح العلوم کی چار دیواری مقامی ایس ایچ او اور بلڈر کی ملی بھگت سےگرائی گئی، حکومت لینڈ مافیا کو لگام دے جو آئے روز زمینیں ہتھیا کر ناجائز قبضے کررہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا جامعہ مفتاح العلوم فیز ٹو کی چار دیواری جلد دوبارہ تعمیر کرے۔ دریں اثنا جمعیت علماء اسلام کے ضلعی ذمہ داران، مدرسہ انتظامیہ اور ڈی سی ویسٹ کے مابین مذاکرات جاری ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اغواء کئے گئے امام مسجد اور طلبہ کو جلد بازیاب کیا جائے، اور عدالتی فیصلہ آنے تک لینڈ مافیا کو مسجد اور مدرسے کے معاملات میں مداخلت سے باز رکھا جائے۔