کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما طاہر ملک نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بلدیاتی قانون کے معاملے میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ سندھ حکومت کی نااہلی اور ہٹ دھرمی کے باعث سندھ میں حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ بلدیات کے کالے قانون کے خلاف اپوزیشن کی تمام جماعتیں اس وقت سراپا احتجاج ہیں لیکن سندھ حکومت کے وزراء کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں آئے ہوئے پارٹی کارکنان کے وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ طاہر ملک کا مزید کہنا تھا کہ بلدیات کے کالے قانون کے خلاف پی ٹی آئی کی جدوجہد رکنے والی نہیں۔
تحریک انصاف نے 27 فرور ی کو گھوٹکی سے کراچی مارچ کا اعلان کیا ہے جس میں پوری قیادت اور کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔ سندھ حکومت نے اگر بلدیات کا قانون واپس نہ لیا تو یہ کالا قانون سندھ حکومت کو لے کر ڈوبے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سندھ کی تمام جماعتیں اس قانون کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں لیکن اب وقت ہے کہ سندھ حکومت کے اس فرسودہ نظام اور کالے قانون کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو کر احتجاج کیا جائے۔ بلدیات کے کالے قانون کے ذریعے اداروں پر قبضہ کسی صورت ممکن نہیں ہونے دیں گے۔ پی ٹی آئی نے ہمیشہ سندھ کے عوام کے حق کے لئے آواز اٹھائی ہے۔ پیپلز پارٹی شہری اداروں پر قبضہ کر کے انہیں بھی صوبائی محکموں کی طرح کرپشن کا گڑھ بنانا چاہتی ہے۔ پیپلز پارٹی کا اداروں پر قبضے کا خواب تحریک انصاف کبھی پورا نہیں ہونے دے گی۔ عوام کے حقوق کے لئے پی ٹی آئی سندھ حکومت کے سامنے سہسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔