تازہ ترین
Home / اہم خبریں / ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کا تاج پاکستان کے سید عماد علی کے سر سج گیا، عماد علی دوسری بار عالمی یوتھ چیمپیئن بن گئے

ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کا تاج پاکستان کے سید عماد علی کے سر سج گیا، عماد علی دوسری بار عالمی یوتھ چیمپیئن بن گئے

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان کی میزبانی میں کھیلا گیا ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ پاکستان کے سید عماد علی نے جیت لیا۔ عماد علی نے دوسری بار یوتھ اسکریبل کا عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔ دو روزہ فائنل میں ٹاپ ٹین کھلاڑیوں نے 13 گیمز کھیلے، سید عماد علی نے 9 گیمز جیتے اور 329 کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بھارت کے مادھو گوپال نے بھی 9 گیمز جیتے لیکن وہ دوسرے نمبر پر رہے۔ تھائی لینڈ کے نپت نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فائنلز میں پہنچنے والے پاکستان کے دوسرے کھلاڑی حشام ہادی خان کو 7 گیمز میں فتح ملی اور ان کا چوتھا نمبر رہا۔ ٹیم کے اعتبار سے پاکستان ٹیم پہلے نمبر پر رہی۔ سید عماد علی 2018 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والا ویسپا یوتھ اسکریبل کپ بھی جیت چکے ہیں، اس طرح وہ دو بارہ ویسپا یوتھ کپ جیتنے والے دنیا کے پہلے پلیئر بھی بن گئے۔ عماد جونئیر لیول پر پاکستان کیلئے تین عالمی اعزازات جیت چکے ہیں جن میں دو ویسپا ورلڈ یوتھ کپ اور 2019 کی ورلڈ جونئیر اسکریبل چیمپیئن شپ شامل ہے۔ مجموعی طور پر پاکستان نے تیسری بار ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیتا۔ کورونا کے باعث ویسپا یوتھ اسکریبل کپ کے مقابلے پاکستان کی میزبانی میں آن لائن ہوئے، یوں پہلی انفرادی ورچوئل چیمپیئن شپ جیتنے کا اعزاز بھی سید عماد علی نے اپنے نام کیا۔ عماد علی کا کہنا تھا کہ دوسری بار ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیتنے پر خوشی ہے، محنت کی جس کا صلہ ملا، فائنلز میں تمام حریف ہی مشکل تھے لیکن بھارت اور تھائی لینڈ کے کھلاڑیوں نے ٹف ٹائم دیا۔ اب ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔ بھارت کو اسپرٹ آف اسکریبل کا ایوارڈ دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی بہترین خاتون پلیئر کا ایوارڈ سری لنکا کی سندلی ویتھا ناگے کے نام رہا جبکہ ملائیشیا کے ڈریسڈن لم کم عمر ترین کھلاڑی قرار پائے۔ ایونٹ میں 14 ممالک کے 72 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ بھارت سمیت تمام ممالک کے کھلاڑیوں نے ایونٹ کے شاندار انتظامات کی تعریف کی۔ پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے صدر اور پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ندیم عمر کا کہنا تھا کہ اسکریبل کا کھیل دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو قریب لاتا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے حالات جتنے بھی کشیدہ ہوں لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے کھیل کی اسپرٹ سے سب کے دل جیت لئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی سپورٹ کرتی رہے گی۔ ندیم عمر نے ورلڈ یوتھ چیمپیئن سید عماد علی کیلئے ایک لاکھ جبکہ پاکستان ٹیم کیلئے بھی نقد انعام کا اعلان کیا۔ تقریب کے اختتام پر ندیم عمر اور اسپانسرز کے نمائندوں نے انعامات تقسیم کئے۔ اختتامی تقریب کے دوران ایونٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑی اور ویسپا کے عہدیداران آن لائن موجود تھے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

کمالیہ شہر کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کو ختم کیا جائے

    ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نام تحریری درخواست دے دی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے