کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) انٹر سروسز ہاکی چیمپین شپ میں پاکستان آرمی کی فتوحات کا سلسلہ جاری، ایئر فورس کو بڑے مارجن سے شکست دیدی، پاکستان آرمی نے ایئر فورس کو 1-6 گول سے شکست دیکر پول میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن قائم کرلی، آج کے میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ برگیڈیئر ظہیر اختر تھے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کی زیر نگرانی پاکستان ایئر فورس سپورٹس کنٹرول کمیٹی کے زیر اہتمام پی اے ایف بیس پشاور میں انٹرسروسز ہاکی چیمپین شپ کے تیسرے میچ میں پاکستان آرمی نے میزبان ٹیم پاکستان ایئر فورس کو ایک بڑے مارجن سے شکست دیدی۔ پاکستان آرمی نے ایئر فورس کو یکے بعد دیگرے چھ گول داغ ڈالے جبکہ ایئر فورس کی ٹیم ایک گول سکور کرسکی۔ پاکستان آرمی کی جانب سے کھیل کے دوسرے منٹ میں شاہد علی نے فیلڈ گول سکور کرکے اپنی ٹیم کی جانب سے فتح کی جانب پیش قدمی کی۔ کھیل کے 5 ویں منٹ میں آرمی کے راؤ فرحان نے فیلڈ گول کے ذریعہ اس برتری کو مستحکم بنایا۔ کھیل کے 14 ویں منٹ میں آرمی کے محمد وقاص نے پینلٹی سٹروک پر گول سکور کرکے آرمی کی جانب سے تیسرا گول سکور کیا۔ آرمی کی جانب سے چوتھا گول کھیل کے 28 ویں منٹ میں محمد عماد نے پینلٹی سٹروک پر گول سکور کرکے کیا۔ کھیل کے 45 ویں منٹ میں پی اے ایف کے کھلاڑی وقاص نے فیلڈ گول سکور کرکے اپنی ٹیم کے گول خسارے کو کم کیا لیکن کھیل کے 48 ویں منٹ میں آرمی کے کھلاڑی احمد علی نے فیلڈ گول سکور کرکے آرمی کے گول مارجن میں مزید اضافہ کیا۔ کھیل کے 59 ویں منٹ میں پاکستان آرمی کی جانب سے چھٹا گول پینلٹی کارنر کے ذریعہ ڈریگ فلک کرکے عامر سہیل نے سکور کیا۔ اس میچ کو ایمپائرز حافظ عاطف ملک انٹرنیشنل اور یاسر خورشید انٹرنیشنل نے سپروائز کیا جبکہ سبطین رضا ریزرو ایمپائر تھے۔ ججز کے فرائض سید علی عباس اور حمزہ طفیل نے سر انجام دیئے جبکہ رانا ساجد نے ٹیکنیکل آفیسر کے فرائض نبھائے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سید محمد ظاہر شاہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ سابق انٹرنیشنل ہاکی ایمپائر سید ذوالفقار شاہ بطور ایمپائرز مینجر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ آج کے میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ برگیڈیئر ظہیر اختر تھے۔ معزز مہمان خصوصی کا سٹیڈیم آمد پر شایان شان استقبال کیا گیا اور ان کو کھلاڑیوں اور آفیشلز سے متعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس پاکستان ایئر فورس سپورٹس کنٹرول کمیٹی گروپ کیپٹن احمد سعید قاضی اور ضیاء بنوری بھی ان کے ہمراہ تھے۔