Home / اہم خبریں / قومی خواتین کرکٹ ٹیم ہرارے پہنچ گئی

قومی خواتین کرکٹ ٹیم ہرارے پہنچ گئی

ہرارے (سپورٹس رپورٹر) قومی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ دورہ زمبابوے کے لیے ہرارے پہنچ گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 9 فروری سے شروع ہوگی۔ سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔ یہ سیریز پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی۔ ایونٹ رواں سال کھیلا جانا ہے۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ مکمل کرنے کے بعد چار فروری بروز جمعرات کو زمبابوے پہنچی۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف کھیلی گئی تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-3 اور 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان کا کہنا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کسی بھی مہمان ٹیم کے لیے آسان نہیں ہوتا گو کہ اس سیریز کے نتائج پاکستان کے حق میں نہیں رہے تاہم قومی خواتین کرکٹرز نے یہاں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس دورے سے ہمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کی تیاریوں میں بہت مدد ملی ہے۔ جنوبی افریقہ سے زمبابوے پہنچنے والا پاکستان اب دنیا کا وہ واحد ملک بن گیا ہے کہ جس کی خواتین کرکٹ ٹیم نے کوویڈ 19 کے باوجود 2 ممالک کا دورہ کیا ہے۔ پی سی بی اپنی ایلیٹ ویمنز کرکٹرز کو کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے۔ اس سے قبل پی سی بی نے عالمی وباء کے دنوں میں 27 ایلیٹ ویمنز کرکٹرز کو کنڈیشنگ کیمپ میں طلب کیا تھا۔ یہ کیمپ گزشتہ سال اکتوبر میں کراچی میں لگایا گیا تھا، جس کے بعد 7 میچوں پر مشتمل نیشنل ٹرائنگولر ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، پھر دورہ جنوبی افریقہ سے قبل قومی خواتین کرکٹرز نے اکیس روز پر مشتمل نیشنل کیمپ میں شرکت کی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ہماری کرکٹرز نے انفرادی طور پر بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم ہمیں اچھے نتائج حاصل کرنے کے لیے اجتماعی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جنہوں نے دورہ جنوبی افریقہ میں اپنی قابلیت کا اظہار کیا ہے، اور وہ بھی ایک ایسے موقع پر کہ جب ٹیم کی سب سے تجربہ کار بیٹر بسمہ معروف دورے سے دستبردار ہوئی اور کپتان جویریہ خان نے دو میچوں میں شرکت نہ کی ہو۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ عائشہ نسیم نے بیٹنگ اور فاطمہ ثناء نے باؤلنگ جبکہ ٹیم میں واپس آنے والی آلراؤنڈر کائنات امتیاز نے دورہ جنوبی افریقہ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالیہ ریاض نے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں سب سے زیادہ 136 رنز بنائے جبکہ ڈیانا بیگ نے سب سے زیادہ 9 وکٹیں حاصل کیں، سیریز کے دوران جویریہ خان نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنی نویں نصف سنچری بنائی۔ ڈیوڈ ہیمپ نے کہا وہ پرامید ہیں کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے کے خلاف سیریز میں دورہ جنوبی افریقہ میں کی گئی غلطیاں نہیں دہرائے گی۔
میچ شیڈول: 9 فروری: پچاس اوورز پر مشتمل پہلا میچ، 11 فروری: پچاس اوورز پر مشتمل دوسرامیچ، 13 فروری: پچاس اوورز پر مشتمل تیسرا میچ، 16 فروری: پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، 18 فروری: دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، 20 فروری : تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جاۓ گا۔

 

About admin

یہ بھی پڑھیں

جسٹس منیب اختر قائم مقام چیف جسٹس پاکستان مقرر عہدے کا حلف اٹھا لیا

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منیب اختر نے قائم …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے