کراچی (نوپ نیوز) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی اور حیدرآباد کے صدر ارشد آرائیں نے کہا ہے کہ مجاوروں کے ہاتھوں روبینہ اجن کے ساتھ زیادتی اور قتل، درندگی ہے۔ سندھ پر جرائم کے سنڈیکیٹ کی حکمرانی ہے۔ قانون بااثر افراد کی لونڈی بن چکی ہے۔ روبینہ اجن کے بھائی اور دردمند شاعر مبین اجن نو ماہ سے بوڑھی والدہ کے ہمراہ انصاف کے لئے بھٹک رہے ہیں۔ مقامی وڈیرے اور سردار پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وساں اپنے زیر اثر علاقہ میں مظلوموں کو تحفظ فراہم کریں۔ سندھ میں بیٹیوں کے ساتھ درندگی کے پے در پے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ ظلم و جبر روکنے کے اقدامات نہ کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ سندھ حکومت وڈیروں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے۔
روبینہ اجن کے بھائی نے پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور سے رابطہ کر کے مدد کی درخواست کی ہے۔ اس بھیانک واقعہ پر کوئی دردمند دل خاموش نہیں رہ سکتا۔ پاسبان، روبینہ اجن قتل واقعہ سمیت تمام مظلوموں کی داد رسی کے لئے کمر بستہ ہے۔ ان شا ء ا للہ مبین اجن کا انصاف کے حصول کی جنگ میں ہر طرح ساتھ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پی ڈی پی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی اور حیدرآباد کے صدر ارشد آرائیں نے کھڑا تحصیل گمبٹ کے رہائشی، مبین اجن سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وڈیروں، جاگیرداروں اور سرداروں کے ظلم وستم بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔خواتین کے ساتھ ہونے والے زیادتی کے ایک کے بعد ایک واقعہ نے عوام کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ سندھ کی سرزمین اب جاگیرداروں، سیاستدانوں اور وڈیروں کی آماجگاہ بن گئی ہے۔
عورتوں کی بے حرمتی، کاروکاری کے نام پر قتل اور ان کا اغواء آئے دن کا معمول ہے۔عوام کو طاقت کا سرچشمہ کہنے والے قائد ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی اب عوام کے جان و مال اور عزت کے قاتل، وڈیروں کی پارٹی بن چکی ہے۔ مبین اجن کی حافظ قرآن، بی اے پاس بہن کو درگاہ کے مجاوروں نے اغواء، زیادتی اور قتل کر کے پھینک دیا،قانون مدد کرنے سے انکاری کیوں ہے؟ کیا قانون صرف امیروں اور بااثر افراد کا ساتھ دے گا؟ غریب اور مظلوم انصاف کے لئے کہاں جائیں؟ رفیق خاصخیلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ روبینہ اجن کی فیملی کو انصاف دلوانے کے لئے ہر طرح کی مدد کریں گے۔