پشاور (رپورٹ: اصغر شاہ) موٹر وے پولیس نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق، گاڑی نمبر وی-5714 جوکہ بذریعہ موٹر وے پشاور سے لاہور کی جانب جا رہی تھی بلکسر کے قریب موٹر وے پولیس نے اسے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے بجائے گاڑی روکنے کے بھگا دی۔ اس مشکوک حرکت کو بھانپتے ہوئے موٹر وے پولیس کی جانب سے اس کا تعاقب کیا گیا لیکن مسلسل کاوشوں کے باوجود ڈرائیور مشکوک اور انتہائی خطرناک انداز سے گاڑی بھگاتا رہا جوکہ سڑک پر موجود دیگر ٹریفک کے لئے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔ اس سنگین معاملے کی اطلاع سیکٹر کمانڈر کو بھی دی گئی جنہوں نے مربوط حکمت عملی تیار کی اور سڑک پر موجود دیگر ٹریفک کا خیال رکھتے ہوئے تیار کردہ منصوبے کے مطابق مذکورہ گاڑی کو کلر کہار کے قریب روک لیا گیا۔ گاڑی رکتے ہی ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں گاڑی کی تلاشی لینے پر گاڑی سے 8 کلو گرام اعلی کوالٹی کی ہیروئن برآمد ہوئی جس کی قیمت عالمی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ ملزم ظہور احمد ظفر سکنہ مردان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس تمام کارروائی کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی موٹروے اشفاق احمد نے ساری ٹیم کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کے موٹر وے پولیس اسی طرح عوام کی خدمت اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری رکھے گی۔