کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی ) نے غیر منافع بخش ادارے گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی ) کے ساتھ ایک بڑی شراکت داری کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد قابل اعتماد سماجی خدمات کے پروگرام میں حصہ لینا ہے۔ اس کا باضابطہ اعلان کاٹی کے صدر سلمان اسلم کی قیادت میں ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران پر مشتمل وفد نے گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی ) کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کیا۔ کاٹی کے عہدیداران اور جی سی ٹی کے عہدیداران نے سندھ میں غریب گھرانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے ایک خیراتی مہم کی ادارہ جاتی حمایت کیلئے باضابطہ طور پر مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر سلمان اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلد جنرل باڈی کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں کورنگی صنعتی علاقے کے صنعتکاروں اور تاجروں کو جی سی ٹی کی مہم میں حصہ لینے کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاٹی نے جی سی ٹی کے ساتھ سندھ بھر میں خیراتی اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیرات میں مفت سوائل ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے تعاون کرے گی۔ صدر کاٹی نے کہا کہ ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے ضروری ہے کہ ہر فرد تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اس ضمن میں فلاحی اداروں کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے جوکہ غریب گھرانوں کے بچوں کو اعلی تعلیم کی سہولت مفت فراہم کر رہے ہیں۔ سلمان اسلم نے مزید کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم جی سی ٹی جیسے فلاحی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ملک میں تعلیم عام ہو اور مستقبل میں ملک کی بھاگ دوڑ قوم کے ہنر مند اور پیشہ وارانہ تعلیم یافتہ نوجونوں کے ہاتھ میں جائے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کاٹی پاکستان میں تعلیم کے شعبہ میں ایک سماجی ادارے کی ادارہ جاتی مدد فراہم کرے گا۔ جبکہ دونوں اداروں کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور سردار یاسین ملک نے بالترتیب اپنے پیغامات میں دونوں اداروں کو ایک فلاحی مقصد کیلئے مشترکہ شراکت داری کے اعلان پر مبارکباد پیش کی ہے۔ تقریب میں کاٹی کے قائم مقام سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا نے سندھ کے تعلیمی شعبے میں جی سی ٹی کی کاوشوں کی تعریف کی اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ کیلئے اپنی ذاتی اور کاٹی کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ جی سی ٹی کے سی ای او زاہد سعید نے کہا کہ فلاح و بہبود کا کام گزشتہ 27 سال سے جاری ہے جس کا مقصد سندھ کے دور دراز، پسماندہ علاقوں کے بے سہارا اور غریب گھرانوں کے بچوں کو تعلیم دینے کیلئے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی سی ٹی کے سندھ بھر میں 155 سے زائد خیراتی اسکولوں کا نیٹ ورک موجود ہے جن میں 29 ہزار سے زائد طالب علم زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی سی ٹی کے وژن کے مطابق 2025 تک جی سی ٹی اپنے اسکولوں کی تعداد بڑھا کر 250 تک پہنچائے گی جن میں 1 لاکھ سے زائد غریب گھرانوں کے بچوں کو تعلیم فراہم کی جائے گی۔ زاہد سعید نے مزید کہا کہ سندھ میں اسکول نہ جانے والے بچوں کے اندراج کی بڑی ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے ہم خیال اداروں کے ساتھ تعاون قائم کئے جارہے ہیں جس میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن، آئی سی این اے کینیڈا، جے ٹی کیو اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے سندھ میں ضرورت مند خاندانوں کے بچوں کو تعلیم دینے کیلئے جی سی ٹی کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔