تازہ ترین
Home / اہم خبریں / اقبال شخصی نام نہیں، ایک فلسفے، فکر اور سوچ کا نام ہے۔ الطاف شکور چیئرمین پی ڈی پی

اقبال شخصی نام نہیں، ایک فلسفے، فکر اور سوچ کا نام ہے۔ الطاف شکور چیئرمین پی ڈی پی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور اور چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی سمیت تمام رہنماؤں نے قوم کو شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقبال شخصی نام نہیں، بلکہ ایک فلسفے، فکر اور سوچ کا نام ہے۔ وہ سوچ جو نہ صرف برصغیر کے لاکھوں مسلمان نوجوانوں کا نظریہ بنی بلکہ پاکستان کی آزادی کا سبب بھی بنی۔ مسلمانوں کو آج پہلے سے زیادہ اقبال کی فکر کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ اقبال نے نظریہ پاکستان اس لئے دیا تھا کہ یہاں اسلام کا نظام قائم کیا جاسکے اور باطل کے نظام کو مٹایا جا سکے۔ افسوس آج کے نوجوان علامہ اقبال کے مرد مومن کے فلسفے سے نابلد ہیں۔ حکمرانوں نے علامہ اقبال اور قائدین تحریک پاکستان کے خواب چکنا چور کر دیے ہیں۔ ہمارے حکمرانوں کے اعمال و اطوار علامہ اقبال کی تعلیمات کی تکذیب ہیں۔ خودی کا پیغام دینے والے عظیم مفکر کی قوم آج ساری دنیا سے خیرات لینے میں فخر محسوس کرتی ہے۔ ہمیں اگر علامہ اقبال کے پیغام سے محبت ہے تو بطل و جہل کو مٹانے کے لئے قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ عوام کو تعمیر پاکستان کے لیے اٹھنا اور پاسبان کا ساتھ دینا ہوگا۔ یوم اقبال پر پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان رہنماؤں نے مزید کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی الگ وطن کے حصول کی کوششوں کا مقصد ایسی اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا جہاں عوام آزادی اور خود مختاری سے زندگی گزار سکیں۔ جہاں درسگاہیں علم و دانش کا گہوارہ ہوں اور تعلیم، روزگار اور صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہو۔ کیا موجودہ صورتحال میں ہم اسے قائد اور اقبال کا پاکستان کہہ سکتے ہیں؟ جہاں چند مفاد پرست حکمرانوں نے ملک کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔علامہ محمد اقبالؒ کے قومی تصورات پاکستانی قوم کے فکری اثاثے ہیں۔ آج پاکستان گو نا گوں فکری، سیاسی اور معاشی مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ پاکستانی قوم ریاست اور قوم کے اجتماعی مفادات کی بجائے کچھ سیاستدانوں کی ذاتی اغراض کی قیدی بن چکی ہے۔ ہم جناح اور اقبال کے خواب کی تعبیر چاہتے ہیں تو ہمیں انفرادیت کی نہیں اجتماعیت کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس ہجوم کو ایک قوم بنانا ہوگا۔ جن چند کالی بھیڑوں نے پورے نظام کو درہم برہم کیا ہوا ہے ان کو پہچان کر صفوں سے باہر کرنے کی ضرورت ہے۔ آج اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ داخلی انتشار بیرونی سازشوں اور دہشت گردی کے عفریت نے عالمی سطح پر اس کے وقار کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ان حالات میں عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے رہنمائی لیکر ملک کو گرداب سے نکالنے کیلئے میدان عمل میں نکلیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

اسپیکر سندھ اسمبلی سے عورت فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات، خواتین کے حقوق اور بااختیار بنانے کے اقدامات پر گفتگو

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے عورت فاؤنڈیشن کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے