کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اہم فیصلے کیے گئے۔ ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں پیر سے شادی ہالز اور دیگر تقریبات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ہفتے میں دو دن مارکیٹیں بھی بند رکھی جائیں گی جس کے لیے جمعہ اور اتوار کو محفوظ دن قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پیر سے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں صبح 6 سے شام 6 بجے تک کھلیں گے، کریانہ، بیکری اور فارمیسی کھلی رہیں گی جبکہ صوبے بھر میں درگاہیں بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ریسٹورینٹس پیر سے انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں بند ہوں گے اور صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں پیر سے تعلیمی ادارے بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم سندھ میں امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے جبکہ سرکاری اور نجی سیکٹر میں 50 فیصد اسٹاف حاضر ہوگا۔ ترجمان کے مطابق ان تمام فیصلوں پر پیر سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔