Home/اہم خبریں/لیاری یو سی 15 میں غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیا جائے، نبیل گبول ہال کے عقب میں گوبر پر کثیرالمنزلہ بلڈنگوں کی تعمیرات خطرناک ہے۔ اکرم آگریا پاسبان لیاری
لیاری یو سی 15 میں غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیا جائے، نبیل گبول ہال کے عقب میں گوبر پر کثیرالمنزلہ بلڈنگوں کی تعمیرات خطرناک ہے۔ اکرم آگریا پاسبان لیاری
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی، لیاری کے صدر اکرم آگریا اور پی ایس 108 کے صدرو سابق جنرل کونسلر امجد بلوچ نے حکومت سندھ سے لیاری کے یو سی 15، بکرا پیڑی میں غیر قانونی تعمیرات اور کثیر المنزلہ تعمیرات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ایس بی سی اے اورعلاقہ اے سی کو نہ عوام کی جان و مال کی پروا ہ ہے اور نہ ہی مسائل کا اندازہ ہے۔ علاقے میں سیوریج اور صحت و صفائی کے مسائل کے ساتھ بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کے مسائل بھی موجود ہیں۔ کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیرات سے مسائل مزید بڑھ جائیں گے۔ وہ علامہ اقبال کالونی، نورانی کالونی کے مکینوں کے ہمراہ، پاسبان لیاری کے زیر اہتمام، کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاسبان یو سی 15، نوالین کے رہنما اللہ دوست، رشید پٹھان، رمضان بلوچ، ہدایت اللہ، گل جان، رحیم بلوچ، ملا فیصل، بلال و دیگر بھی موجود تھے۔ اکرم آگریا نے کہا کہ یو سی 15 کے وارڈ نمبر 2 میں واقع نبیل گبول ہال کے عقب میں پلاٹ نمبر 844 پر 8 منزلہ عمارات کی تعمیرات کی جارہی ہیں۔ جس جگہ تعمیرات کی جارہی ہیں، یہ جگہ ماضی میں بکرا پیڑی کا حصہ تھی جہاں پر زمین پر کافی گہرائی تک گوبر ہی گوبر ہے۔ اس جگہ پر کثیر المنزلہ تعمیرات خطرناک ثابت ہوں گی۔ امجد بلوچ نے کہا کہ رہائشی عمارتوں کے لئے صرف 2 منزلہ تعمیرات کی اجازت ہے اور مذکورہ یو سی میں 8 منزلہ تک تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ناجائز تعمیرات کے خلاف متعدد بار ایس بی سی اے اور اے سی لیاری کو تحریری طور پر توجہ بھی دلائی گئی۔ بار بار توجہ دلانے کے بعد ایس بی سی اے کی جانب سے اہلکار رسمی ہتھوڑا چلا کر چلا گیا جبکہ بلڈرز نے دوبارہ تعمیرات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلڈرز کو علاقہ تھانہ پولیس کی بھی سرپرستی حاصل ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔