حیدرآباد (نوپ نیوز) آل سندھ انٹر کلب گرلز فٹسال ٹورنامنٹ کا لطیف آباد کے مقامی جمنازیم ہال میں شاندار آغاز ہوگیا۔ پی ڈی پی فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر انتظام محکمہ کھیل حکومت سندھ کے تعاون سے شروع ہوئے اس ٹورنامنٹ کا افتتاح پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج اینڈ پوسٹ گریجویٹ سینٹر لطیف آباد پروفیسر گل محمد کوندھر نے کیا۔ پی ڈی پی فاؤنڈیشن کے صدر احمد نواز نے میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوِئے بتایا کہ ایونٹ میں ٹیموں کی دلچسپی و جوش و خروش سے مقابلے کی مثبت فضا پیدا ہوگئی ہے اور یہ ہی کھیلوں کے انعقاد کا مقصد ہوتا ہے۔ قبل ازیں مہمان خصوصی پروفیسر گل محمد کوندھر کو ایونٹ مینیجر سیدہ نسیمہ شاہ نے اجرک کا تحفہ پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے مابین کھیلوں کے مقابلوں کے زیادہ سے زیادہ انعقاد کی ضرورت ہے تاکہ صحت مند معاشرے کے قیام میں مدد مل سکے۔ افتتاحی کک آف کے بعد افتتاحی میچ گل فٹبال کلب اور لیڈز فٹبال کلب کے مابین کھیلا گیا جس میں گل فٹبال کلب نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کا واحد گول ماہ نور نے اسکور کیا۔ میچز کو شاہد ولی اور عبداللہ شاہ نے سپروائز کیا۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر احمد نواز، ایونٹ مینیجر سیدہ نسیمہ شاہ، آرگنائزنگ کمیٹی و دیگر مہمان مراد خان، عدنان شیخ، رمیز راجہ، ہارون خان، عبدالوحید، عقیل احمد، عبدالمجید اور پی ڈی پی فاؤنڈیشن کی معاون ٹیم کی سیدہ علیزہ شاہ، شازیہ جعفری اور ثانیہ قیوم بھی موجود تھیں۔ ایونٹ میں کراچی سمیت اندرون سندھ کے 20 سے زائد نامور کلبس حصہ لے رہے ہیں۔ یہ ایونٹ حیدر آباد کی تاریخ میں اب تک منعقدہ کسی بھی فٹسال ٹورنامنٹ میں سب بڑا ٹورنامنٹ ہے۔