کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ان کی والدہ عصمت صدیقی نے سابق امیرجماعت اسلامی سید منور حسن کی وفات پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ سید منور حسن حق بات کہنے سے کبھی گریز نہیں کرتے تھے۔ عافیہ کی فیملی عافیہ کی رہائی سے متعلق ان کا یہ بیان کبھی فراموش نہیں کرسکتی کہ ”عافیہ کی رہائی کی جدوجہد جنت کی طرف لے جائے گی اور جو اس میں رکاوٹ بنے گا وہ اللہ کے یہاں اپنا انجام خود سوچ لے“۔ انہوں نے اپنے ان الفاظ کا آخری وقت تک پاس بھی رکھا۔ امیر جماعت اسلامی کے منصب پر فائز ہونے سے پہلے اور بعد میں کوئی عید ایسی نہیں گذری جب وہ عافیہ کی والدہ سے ملنے اور ان سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے ہمارے گھر تشریف نہ لائے ہوں۔ عافیہ کی فیملی سے رابطہ میں رہنا ان کا معمول تھا۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ سید منور حسن جیسے بہادر اور دلیر رہنما بہت کم پیدا ہوتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ان کے جانشین اور پیروکار عافیہ کی رہائی سے متعلق ان کے نظریات اور جذبات کا احترام جاری رکھیں گے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے عافیہ کی فیملی دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ سید منور حسن کی مغرت فرمائے، ان کے درجات بلند اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس صرف میڈیا پبلسٹی کا بہانہ ہے۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب
https://www.nopnewstv.com/the-mqms-press-conference-is-just/