ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ پولیس کی جانب سے ہیلمٹ اور لائسنس کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے شہریوں کو دو ہفتے کی مہلت دی گئی، دوہفتے بعد سخت کاروائی ہوگی۔پشاور ہائی کورٹ ڈیرہ کے احکامات پر ڈیرہ پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمنٹ اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے شہریوں کو دو ہفتے کی مہلت دے دی گئی جس کے بعد سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر ڈیرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں قوانین عوام کی سہولت کے لئے بنائے جاتے ہیں۔ ڈرائیونگ ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار افراد کی حفاظت کا ضامن ہے کیونکہ ہیلمٹ روڈ حادثات کی صورت میں سر کی جان لیوا چوٹوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں قوانین پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔ اس لئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اور حادثات میں کمی کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہیلمنٹ کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں کو دو ہفتے کی مہلت دی جاری ہے۔ دوہفتے کے بعد بغیر ہیلمٹ اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹرسائیکل چلانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
![]()