کراچی، (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قومی، جمہوری اور سماجی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ تحریکِ پاکستان اور آزادی کی جدوجہد میں تاریخی کردار ادا کیا اور بعد ازاں قوم کی تعمیر، جمہوریت اور عوامی حقوق کے فروغ کے لیے بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے خواتین میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی نئی سمت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت کی زندگی عزم، دیانت، حب الوطنی، اتحاد اور خدمت کا روشن نمونہ ہے، جبکہ ان کا وژن اور افکار آج بھی جمہوری، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قوم مادرِ ملت کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی اور ان کی روشن جدوجہد نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔