کراچی، (ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) انور عظیم خان اور اسامہ جعفری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو عوام دشمن قرار دیا ہے۔
اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور مسلسل بڑھتے ہوئے ٹیکسز نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول، بجلی اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ غریب اور متوسط طبقے کیلئے ناقابل برداشت ہوچکا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے آئے روز نئے ٹیکس عائد کرکے مشکلات میں اضافہ کررہی ہے، جس کے باعث عام آدمی دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے بھی پریشان دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص معاشی حکمت عملی نے ملک کو شدید معاشی بحران کی طرف دھکیل دیا ہے، مگر اس کے باوجود عوام سے مزید قربانیوں کا مطالبہ کیا جارہا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ عوامی مسائل سے لاتعلق ہوچکا ہے جبکہ مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح نے شہریوں کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ فنکشنل مسلم لیگ کے رہنماؤں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام دشمن پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی کنٹرول کرنے، بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں کمی لانے اور عوام کو حقیقی ریلیف دینے کیلئے ہنگامی اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب کھوکھلے نعروں اور دعوؤں سے تنگ آچکے ہیں اور ملک کو ایسی سنجیدہ، مخلص اور عوام دوست قیادت کی ضرورت ہے جو عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی ڈویژن عوامی حقوق کے تحفظ اور غریب طبقے کی آواز ہر فورم پر بلند کرتی رہے گی اور ملک میں حقیقی جمہوری و عوام دوست نظام کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔