کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) آرٹس کونسل کراچی میں حلقہ فکر و نظر کے زیرِ اہتمام “محفلِ نعت و افطار برائے ایصالِ ثواب خورشید اقبال حیدر” کا انعقاد حسینہ معین ہال ، احمد شاہ بلڈنگ میں گیا۔ تقریب میں ڈاکٹر عابد شیروانی ایڈووکیٹ، رضوانہ شاہد اور شاہد خمیسا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر فرحانہ اویس نے انجام دیے۔ چیئرپرسن حلقہ فکر و نظر شاہدہ خورشید کنول نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ محفل کا آغاز حمد و قرأت سے ہوا جس کی سعادت یوسف صدیقی کو حاصل ہوئی جبکہ الماس نایاب، ثناء علی، کشف انوار، سید معین فرید، نورین افضال، محمد ناصر یامین اور حافظ نعمان طاہر نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ پروین نے “رمضان المبارک اور اتحاد بین المسلمین” کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ کریم انسانیت کے لیے ہدایت اور نجات کا راستہ ہے اور رمضان المبارک کا قرآن سے خصوصی تعلق ہے کیونکہ اسی مقدس مہینے میں قرآن حضرت محمد ﷺ پر نازل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو قرآن سے اپنا تعلق مضبوط کرنا چاہیے، اسے سمجھ کر اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا چاہیے کیونکہ قرآن امن، محبت اور انسانیت کی تعلیم دیتا ہے۔ تقریب میں حماد علی، شاہد ساٹی، رانی آپا، محمد نعیم، روبی رضا، حیا نعمان، افرا بلال، محمد علی، نوید انوار، نہمش خورشید، قیصر، رضوان، عبدالباسط، نجم علی اور محمد وسیم عباسی سمیت دیگر افراد نے شرکت کی جبکہ آخر میں نعمان خورشید نے صدر ارٹس کونسل احمد شاہ سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔