Home / اہم خبریں / خواتین زرعی محنت کشوں کے لیے مساوی اجرت اور ویمن ورکرز کارڈ کی منظوری, سندھ کے تعلیمی ادارے 16 مارچ سے 31 مارچ تک بندھ رہیں گے

خواتین زرعی محنت کشوں کے لیے مساوی اجرت اور ویمن ورکرز کارڈ کی منظوری, سندھ کے تعلیمی ادارے 16 مارچ سے 31 مارچ تک بندھ رہیں گے

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ کابینہ نے سندھ ایگریکلچر ویمن ورکرز رولز کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت خواتین زرعی محنت کشوں کو مساوی اجرت، زچگی کی سہولیات اور ہراسانی و امتیاز سے تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی بار اس نوعیت کا اقدام کیا جا رہا ہے جبکہ بینظیر ویمن ایگریکلچرل ورکرز کارڈ جاری کرنے اور خواتین محنت کشوں کی فلاح کے لیے 50 کروڑ روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ ملیر میں نرسنگ اسکول کے قیام کی منظوری دی گئی ہے جس کے لیے تعلقہ ابراہیم حیدری میں چار ایکڑ سرکاری زمین مختص کی گئی ہے اس کے علاوہ حسن سلیمان ہسپتال کے منصوبے کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے جس میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے برابر حکومت سندھ بھی رقم فراہم کرے گی تاکہ کراچی کے شہریوں کو جدید طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کی حاضری کی مانیٹرنگ کے لیے پہلی بار موبائل ایپ اور ڈیجیٹل ڈیش بورڈ متعارف کرانے کی منظوری دی گئی ہے جس کے ذریعے طلبہ کی حاضری اور داخلوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا اور ڈراپ آؤٹ کیسز میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ یہ نظام ایک سال کے اندر سندھ کے تمام اسکولوں میں نافذ کیا جائے گا اور اسے محکمہ تعلیم کا ایک اہم اصلاحاتی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ حکومت سندھ نے وفاقی حکومت کے کفایت شعاری پروگرام کی توثیق کرتے ہوئے صوبے میں بھی کفایت شعاری مہم شروع کر دی ہے۔ سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد کمی کی جائے گی جس سے تقریباً 960 ملین روپے کی بچت متوقع ہے جبکہ ایمبولینس، پولیس اور دیگر ہنگامی خدمات کی گاڑیوں کو اس سے استثنا حاصل ہوگا۔ سرکاری محکموں میں ساٹھ فیصد گاڑیاں دو ماہ کے لیے بند رکھی جائیں گی جبکہ وزراء نے رضاکارانہ طور پر تین ماہ کی تنخواہیں نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ غیر ضروری سرکاری اخراجات میں 20 فیصد کمی، غیر ملکی دوروں پر پابندی اور سرکاری افسران کے لیے اکنامی کلاس میں سفر کی ہدایت دی گئی ہے۔ بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال کے پیش نظر سندھ میں تعلیمی اداروں کو 16 مارچ سے 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاہم امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات عام عوام پر کم سے کم پڑیں اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

ایم ڈی اے وفد کا پریس کلب کا دورہ، رہائشی اسکیم میں مکمل تعاون کی یقین دہانی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل یاسین …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے