کراچی، ( ویب ڈیسک ) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان کا نہیں بلکہ بھارت کا وطیرہ ہے، ہم دشمن کو چھپ کر نہیں بلکہ للکار کر مارتے ہیں۔
قومی علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کے درمیان گہرا تعلق ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے محافظینِ حرمین کا شرف پاکستان کو دیا ہے، اور جہاں علم چھوڑ دیا جائے وہاں انتشار جنم لیتا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ عزت اور طاقت محنت اور علم سے ملتی ہے، اسلامی ریاست میں جہاد کا اعلان صرف ریاست کرتی ہے، اور معرکۂ حق میں اللّٰہ کی نصرت سے کامیابی ملی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے علما کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند علما اب بھی فرقہ واریت کو ہوا دیتے ہیں جبکہ وقت کا تقاضا ہے کہ اس لعنت کو ختم کیا جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے لیکن دہشت گردی اور ترقی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ افغانستان سے آنے والے دہشت گرد ہمارے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بے گناہ شہری خوارج کا شکار ہو رہے ہیں۔ محنت اور اتحاد ہی ملک کی ترقی کی واحد راہ ہے۔