کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) 35 ویں نیشنل گیمز ہاکی ایونٹ کے لیے سندھ کی مرد و خواتین ٹیموں کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں اٹھارہ سال بعد کراچی میں منعقد ہونے والے اس میگا اسپورٹس ایونٹ میں سندھ کی ٹیمیں بھرپور عزم کے ساتھ شرکت کریں گی انٹرنیشنل شاہزیب خان کو مردوں جبکہ انٹرنیشنل اقرا اقبال کو خواتین ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مردوں کی ٹیم کے ہیڈ کوچ انٹرنیشنل اذلان خان اور خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ انٹرنیشنل محمد نعیم ہوں گے۔
سندھ ہاکی ٹیموں کے لیے اوپن ٹرائلز گزشتہ ماہ کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوئے جن میں صوبے بھر سے کھلاڑیوں نے شرکت کی اوپن ٹرائلز کی نگرانی اولمپئن افتخار سید نے چیئرمین سلیکشن کمیٹی کے طور پر کی، جبکہ دیگر اولمپئنز اور تمام ڈویژنز کے نمائندے بھی سلیکشن عمل کا حصہ تھے ٹرائلز کے دوران صدر سندھ ہاکی ایسوسی ایشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، خواتین ونگ کی صدر و رکنِ قومی اسمبلی سیدہ شہلا رضا اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل احمد علی راجپوت نے بھی ٹیموں کی تشکیل کے عمل کا جائزہ لیا۔
مردوں اور خواتین کی منتخب ٹیموں کے کھلاڑیوں کو 28 نومبر بروز جمعہ کے ایچ اے کمپلیکس کراچی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کراچی، لاڑکانہ، سکھر، حیدرآباد، میرپورخاص، دادو اور شہید بینظیر آباد سمیت صوبے بھر سے منتخب ہونے والے کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ مردوں کی ٹیم کے مینیجر شفقت حسین اور خواتین ٹیم کی مینیجر ڈاکٹر قمر رضا مقرر کیے گئے ہیں سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کو امید ہے کہ دونوں ٹیمیں نیشنل گیمز میں صوبے کی نمائندگی شاندار انداز میں کریں گی۔