کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) 35 ویں نیشنل گیمز 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں مقامی ہوٹل میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی آن لائن صدارت وزیر کھیل اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سردار محمد بخش مہر نے کی۔ اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن، مختلف کھیلوں کی تنظیموں، کمشنر کراچی، ڈی آئی جی ٹریفک، آرمی، رینجرز، ایس ایس یو، واپڈا اور دیگر اہم اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں گیمز کی تیاریوں، سیکیورٹی انتظامات اور مختلف محکموں کی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے اجلاس کو بتایا کہ افتتاحی تقریب میں میوزیکل شو اور ڈرون ڈسپلے کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ صدر آصف علی زرداری افتتاح اور وزیراعظم شہباز شریف اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ سب کا اپنا گھر ہے اور تمام وینیوز پر مرمتی و ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل خالد محمود نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے شناختی کارڈز اور بے فارم فوری جمع کرانے کی ہدایت کی۔
سیکیورٹی اداروں نے اجلاس میں بتایا کہ نیشنل گیمز کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق مکمل ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، جبکہ ایس ایس یو کمانڈوز نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف اور داخلی راستوں پر تعینات رہیں گے۔ آرمی اور رینجرز نے بھی ایونٹ کے دوران کراچی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون اور پیٹرولنگ جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔