کراچی، (رپورٹ ذیشان حسین) سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہفتے سے کراچی میں ڈبل ڈیکر اور نئی الیکٹرک بسیں (ای وی بسیں) چلنا شروع ہو جائیں گی، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی جلد پیپلز بس سروس کے نئے روٹس متعارف کرائے جائیں گے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت اجلاس میں ٹرانسپورٹ حکام نے یلو لائن اور ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبوں کی پیش رفت کے ساتھ ساتھ ای وی ٹیکسی سروس اور پنک اسکوٹیز اسکیم کے دوسرے مرحلے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ ڈبل ڈیکر اور ای وی بسیں اگلے ہفتے کراچی پہنچنے کی توقع ہے اور ان کے نئے روٹس بھی شہر میں جلد شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت رواں مالی سال کے دوران مزید 500 نئی بسیں لانے اور دسمبر تک ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔ خواتین اور طالبات کے لیے اسکوٹی چلانے کی تربیتی پروگرام صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں شروع کیے جا رہے ہیں۔
وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نئے روٹس کے لیے تمام عملی تیاریاں مکمل کی جائیں اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے تاج حیدر برج کے دوسرے مرحلے کے جلد آغاز اور یلو لائن کی راہ میں حائل یوٹیلیٹیز کی فوری منتقلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کام میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔