کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹلائزیشن اور جدید سہولیات کی فراہمی ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ کراچی کینٹ اسٹیشن پر شالیمار ایکسپریس اور نئے ویٹنگ ایریاز و لانجز کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے تعاون سے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو جدید خطوط پر استوار کرے گی جبکہ ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اپ گریڈ شدہ سی آئی پی لاؤنج، ڈائننگ ہال اور کمپیوٹرائزڈ ٹکٹنگ سسٹم کا معائنہ کیا اور کہا کہ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے عہدہ سنبھالتے ہی ریلوے کے فرسودہ نظام میں بہتری کے لئے نمایاں کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ شالیمار ایکسپریس کو جدید ترین سہولیات کے ساتھ نئی شکل دی گئی ہے جبکہ کراچی کو نہ صرف معاشی حب بلکہ پاکستان کا دل قرار دیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق تمام صوبوں کے ساتھ مل کر ریلوے نیٹ ورک کو وسطی ایشیا تک وسعت دے گا، خصوصاً ازبکستان۔ افغانستان۔ پاکستان ریلوے لائن اور اسلام آباد تا استنبول روٹ کی بحالی کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے کی بہتری کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک سے 2 ارب ڈالر کے قرض پر بات چیت جاری ہے، جبکہ 154 ریلوے اسٹیشن جدید سہولیات سے آراستہ کیے جا چکے ہیں۔
قبل ازیں وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ صرف آٹھ ماہ میں کراچی کینٹ اسٹیشن کی جدید تعمیر، شالیمار ایکسپریس کی نوسازی اور دیگر منصوبے مکمل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روہڑی اسٹیشن کی اپ گریڈیشن پر ایک ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، کراچی سٹی اسٹیشن پر کام جاری ہے، 14 ٹرینیں آؤٹ سورس کی جا رہی ہیں اور ریلوے کے اسپتال و اسکول نجی انتظام کے تحت دیے جا رہے ہیں، مگر ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کے دورۂ کراچی کا خیرمقدم کرتے ہوئے صوبائی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔