ذیشان حسین
کراچی، کشمیر کمپلیکس میں 35ویں نیشنل گیمز کے لیے رکھا گیا اسپورٹس سامان ایک بار پھر چوری ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق، چوروں نے ارچری کا سامان چوری کرنے کی کوشش کی، تاہم ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔
یہ تیسرا موقع ہے جب نیشنل گیمز کے ارچری کا سامان چوری ہوا۔ سیکریٹری سندھ اولمپک ایسوسی ایشن و آرگنائزر احمد علی راجپوت نے واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے میئر کراچی، وزارت کھیل اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
احمد علی راجپوت کے مطابق، واقعے سے ایس ایچ او جمشید کوارٹرز انصر بٹ کو آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ سیکریٹری ارچری ایسوسی ایشن سندھ اعجاز علی نے بتایا کہ تقریباً 22 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار مرکزی ملزم محمد واجد ایک پانچ سے چھ افراد پر مشتمل گروہ کا حصہ ہے جو علاقے میں چوریاں کر کے مال کباڑیوں کو فروخت کرتے ہیں سیکریٹری سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ چوری کا مال خریدنے والے کباڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ احمد علی راجپوت نے کہا کہ اگر کباڑی چوری کا مال نہ خریدیں تو چوری بھی نہ ہو۔