کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے ڈاؤ ڈینٹل کالج سے فارغ التحصیل ڈاکٹروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی رجسٹریشن پی ایم ڈی سی سے کرائی جائے گی۔ ڈاؤ یونیورسٹی کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر شدید تکلیف ہوئی ہے کہ چار سال پڑھنے ، ایک سال ہاؤس جاب کرنے اور ہر سال بے تحاشا پیسہ خرچے کرنے کے بعد طلباء کی رجسٹریشن ابھی تک پی ایم ڈی سی سے نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر مملکت سے اس سلسلے میں بات کریں گے جو خود بھی اسی پیشہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فارغ التحصیل ڈاکٹروں اور زیر تعلیم طلباء بے فکر رہیں میں ڈاؤ ڈینٹل کالج کا رجسٹریشن پی ایم ڈی سے ضرور کراؤں گا۔ اس سے قبل گورنر سندھ صبح ڈاؤ یو نیورسٹی کی نمائش کا افتتاح کرنے جب ایکسپو سینٹر پہنچے تو مرکزی دروازے پر ان کا استقبال ڈاؤڈینٹل کالج سے فارغ التحصیل ڈاکٹروں نے احتجاجی بینرز اور پلے کارڈ کے ساتھ کیا۔ گورنر سندھ گاڑی سے اترنے کے فورًا بعد ان ڈاکٹرون کے پاس گئے اور پوری طرح ان سے اس معاملہ پر معلومات لیں۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور زیر تعلیم طلبہ کو یقین دلایا کہ وہ فوراً اس معاملے کو اعلیٰ ترین سطح پر اٹھائیں گے ۔ اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قریشی بھی ان کے ساتھ تھے۔ گورنر سندھ کی آمد سے قبل ڈاؤ ڈینٹل کالج کے فارغ التحصیل ڈاکٹر بڑی تعداد میں ایکسپو سینٹر میں جمع ہوگئے تھے جہاں انہوں نے اپنے مطالبات کی حمایت میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
![]()