کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سید عمران علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو ہر سطح پر ریلیف دینے کیلیے کوشاں ہیں اور خاص طور پر کامیاب نوجوان پروگرام سے لاکھوں نوجوانوں اور طلبا کو فائدہ پہنچا ہے۔ اس پروجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی براۓ نوجوان امور عثمان ڈار کا کردار قابل ستائش ہے۔ ملک میں موجودہ مہنگائی پر قابو پانے کےلیے حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تو سابق وزہر اعظم اور مسلم لیگ کے مرکزی رہنما نے بھی سندھ کی تباہ شدہ صورتحال پر کھل کر اظہار کر دیا بقول ان کے سندھ کے اسپتالوں کی زبوں حالی دیکھ کر رونا آتا ہے۔ ڈاکٹر عمران علی شاہ نے مذید کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کے کھوکھلے دعوے کرکے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے جبکہ دوسری طرف وفاق نے کراچی میں گرین لائن بسیں دوڑا بھی دیں جس میں وفاقی وزیر اسد عمر اور گورنر سندھ عمران اسمعیل نے کلیدی رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کے تحریک انصاف آئندہ الیکشن میں بھی انشاءاللہ حکومت بناۓ گی۔