کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں طالبات کو ہراساں کرنے اور ان کے قتل کے سنگین معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے تاکہ طالبات کو ہراساں کرنے اور ہاسٹلز میں لڑکیوں کے قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مکمل تحقیقات کی جائیں جنہیں بعد میں خودکشی کے کیسز کا نام دیا گیا ہے۔ حلیم عادل شیخ سٹی کورٹ کی عمارت میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جہاں وہ سندھ کے وزیر سعید غنی کی جانب سے دائر ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ میں سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتا ہوں اور سندھ حکومت کے وزراء اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے ہونے والی زیادتیوں اور کرپشن کو بے نقاب کرتا ہوں اور مجھے ایسا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سندھ کی بیٹیوں کی عزت اور صوبے کے لوگوں کے حقوق اور جانوں کے تحفظ کے لیے ایسے مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سابقہ ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان نے ایک تحقیقاتی رپورٹ میں سعید غنی پر منشیات فروشوں کی سرپرستی کا الزام لگایا، ایک ٹی وی چینلز نے ان پر زمینوں پر قبضے کا الزام لگایا اور پورا محکمہ لیبر بھتہ وصول کرنے کے لیے ان کی طرف انگلیاں اٹھا رہا ہے۔ حلیم عادل نے کہا کہ اپوزیشن ارکان سندھ اسمبلی میں یہ قرار داد پیش کرنا چاہتے تھے کہ سندھ کی بیٹیاں تعلیمی اداروں میں بھی محفوظ نہیں ہیں اور آئے دن ہراساں کرنے کے کئی کیسز سامنے آرہے ہیں لیکن اسپیکر سراج درانی نے اس اقدام کو روک دیا۔ نوشین شاہ، نمرتا کماری، نائلہ رند اور دیگر بیٹیوں کو ہاسٹلز میں قتل کیا گیا اور ان کے قتل کو خودکشی کے طور پر پیش کیا گیا، انہوں نے الزام لگایا کہ ایل یو ایم ایچ ایس لیبارٹری کی حالیہ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ جمع کیے گئے نمونوں سے نمرتا اور نوشین شاہ کے کپڑوں اور لاشوں سے ایک ہی افراد کے ڈی این اے کے نمونے ملے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے حکام، محکمہ صحت کے میڈیکو لیگل آفیسر اور محکمہ قانون اور پراسیکیوشن کے اہلکاروں نے دونوں قتلوں کو خودکشی قرار دیا تھا لیکن ڈی این اے رپورٹ نے انہیں بے نقاب کر دیا ہے۔ پیپلز میڈیکل یونیورسٹی کی پروین رند نے چند روز قبل ہاسٹل میں ہراساں کیے جانے کی شکایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی طالبات خود کشی نہیں کر رہی ہیں بلکہ انہیں ہراساں کیا جاتا ہے، تشدد اور جنسی حملوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور قتل کیا جاتا ہے اور بعد میں اس کی تصویر کشی کے لیے پھانسی کا رنگ دیا جاتا ہے۔ آئی بی اے سکھر کی طالبہ بختاور سومرو نے بھی یونیورسٹی میں طالبات کو حراساں کرنے سمیت کرپشن ہونے کی نشاندہی کی تھی جو ابھی تک انصاف کے لئے عدالتوں کے چکر لگا رہی ہیں۔ ہم سندھ کی بیٹیوں کے ساتھ ہیں ظلم زیادتی ہونے نہیں دیں گے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ کی وزیر صحت وہاں موجود تھیں لیکن انہوں نے پروین رند کی فریاد سننے اور انہیں تسلی دینے کی زحمت گوارا نہ کی، انہوں نے کہا کہ وزیر صحت جو خود ایک خاتون اور ماں ہیں روتی ہوئی بیٹی کی ان کی حالت زار پر کیسے بے حس ہو سکتے ہیں؟ حلیم عادل شیخ نے کہا نوکوٹ ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کے ایم پی اے میر طارق سے تعلق رکھنے والے بااثر افراد نے رات بھر دو لڑکیوں کو اغوا کیا، ان سے بدتمیزی کی اور ان کی بے عزتی کی، انہوں نے مزید کہا کہ مقامی پولیس نے بروقت کارروائی نہیں کی اور ابھی تک مرکزی ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وہ اس ساری صورتحال سے وزیر اعظم عمران خان کو آگاہ کریں گے اور ان سے سندھ کے تعلیمی اداروں میں ہونے والے قتل، جنسی زیادتی، تشدد اور طالبات کو ہراساں کرنے کے تمام کیسز کی منصفانہ تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کی درخواست کریں گے۔ سندھ پولیس سمیت دیگر محکمے واضح طور پر مجرموں کی حمایت کر رہے ہیں اور عوام کا ان پر اعتماد ختم ہو گیا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے وائس چانسلر پی یو ایم ایچ ایس انیلہ عطا الرحمان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں عہدے سے ہٹایا جائے اور تمام ملزمان کو سلاخوں کے پیچھے ڈال کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ناظم جوکھیو قتل کیس کی جے آئی ٹی سے متعلق سوال کے جواب میں حلیم عادل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت سے جے آئی ٹی کے لیے پولیس افسر کو نامزد کرنے کا کہا ہے لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت تاخیری حربے اپنا رہی ہے اور صوبے سے کسی افسر کو نامزد نہیں کیا گیا۔ قبل ازیں ایڈووکیٹ وہاب بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ ہتک عزت کیس کی سماعت عدالت کے پریذائیڈنگ افسر کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی۔ انہوں نے دائر مقدمے کے حوالے مزید بتایا کہ "ہم مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت کے دائرہ اختیار پر دفعہ 265 اور 203 کے تحت اعتراضات دائر کرنے جا رہے ہیں اور ہم عدالت سے درخواست بھی کریں گے کہ مقدمے کو ختم کر دیا جائے۔