کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ڈائریکٹریٹ آف کالجز کراچی ریجن کے زیر انتظام اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے زیر اہتمام جاری چوتھے سندھ کالج گیمز کے سلسلے میں انٹر کالجیٹ گرلز والی بال چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے گرلز کالجز نے بھر پور شرکت کی۔ چیمپئن شپ کا فائنل رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ گرلز کالج آف ہوم اکنامکس اور بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ گرلز کالج نے 2-1 سے میچ اور فائنل جیت لیا۔ سیٹ اسکور 15-13، 13-15 اور 15-5 رہا ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے رحاب علی، ہدیٰ باوانی، زینب شیخ، یسریٰ شفیق، سحر صدیقی اور وردہ حسین نے شاندار کھیل پیش کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ گرلز کالج آف ہوم اکنامکس کی سینئر ڈائرکٹر فزیکل ایجوکیشن انجم زہرہ اور سعیدہ افتخار کی بہترین کوچنگ میں کالج کی ٹیم نے یادگار کامیابی حاصل کی۔ بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج کی ٹیم رنر اپ قرار پائی۔ رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ گرلز کالج کی سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن انجم زہرہ اور سعیدہ افتخار کا ایونٹ جیتنے کے بعد کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے شاندار کھیل پیش کر کے چیمپئن شپ جیتی ہے، ڈائریکٹریٹ آف کالجز کا یہ احسن اقدام ہے کہ کوویڈ-19 کی وجہ سے کالجز اسپورٹس پر جو جمود طاری ہوگیا تھا اسے ختم کیا ہے۔ رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ گرلز کالج کی لڑکیاں تمام ہی کھیلوں میں شرکت کر رہی ہیں اور ان کی کارکردگی بھی نمایاں رہی ہے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی پرنسپل سراج الدولہ گورنمنٹ کالج خالد نعیم نے ونر اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافی اور دیگر انعامات تقسیم کئے۔