کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے اپنے بیان میں علی زیدی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ علی زیدی پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات احمد جواد کے انکشافات پر صفائی دیں۔ انہوں نے کہا کہ احمد جواد نے کہا ہے کنگلا علی زیدی وزیر بننے کے بعد اربوں کا مالک بن گیا۔ پی ٹی آئی کے ایم این اے نے اسمبلی میں کہا کہ عمران خان کی کابینہ کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔
سعید غنی نے کہا کہ علی زیدی فارن فنڈنگ کیس کی رپورٹ کا جواب دیں۔ بنی گالہ کے ویران مکان کا پر کشش محل بننا پرسرار داستان ہے۔ سندھ کا نیا بلدیاتی نظام اسمبلی نے پاس کیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ گیس کی قلت، بجلی اور پیٹرول مہنگا ہونے پر مجرمانہ خاموشی پر عوام ایم کیو ایم کو معاف نہیں کریں گے۔ کھاد کی قلت اور دوائیں مہنگی کرنے والی نااہل اور نالائق حکومت کا چل چلاؤ ہے۔ عوام دشمن منی بجٹ منظور کرنے والی جماعتیں کس منہ عوام کی بات کررہی ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں تیز رفتاری سے ترقیاتی کام دیکھ کر نوسر باز پریشان ہوگئے ہیں، پی ٹی آئی تحلیل ہو چکی اس لئے آوارہ روح چیخیں مار رہی ہیں۔