کراچی (نوپ نیوز) جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو سے جامعہ ندوة العلم کے مدیر اور روزنامہ محشر کراچی کے چیف ایڈیٹر مولانا مفتی معتز باللہ عباسی، سینئر صحافی خالد محمود نے ملاقات کی۔ اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات سمیع الحق سواتی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر اظہار خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ملکی صورتحال بالخصوص میڈیا کو درپیش مسائل، صحافتی اداروں کی بندش اور کارکنان کی بیروزگاری پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، ہم نے ہمیشہ میڈیا کی آزادی اور اسے مضبوط کرنے کی بات کی ہے، اس کے لیے ہمیشہ صحافی تنظیموں اور پریس کلبز کا ساتھ دیا ہے۔ موجودہ دور حکومت میں جس طرح دیگر ادارے اور شعبے تباہی کا شکار ہیں وہاں صحافت اور میڈیا کے ادارے بھی مشکلات کا شکار ہیں، اخبارات بند ہو رہے ہیں، گزشتہ روز ہی ایک قومی سطح کے ادارے نے اپنے چار اخبارات بند کر دئے ہیں جس سے سینکڑوں ورکرز بے روزگار ہوئے، اگر ملک میں عوام کی منتخب کردہ حکومت ہوتی تو اس صورتحال کا نوٹس لیا جاتا اور میڈیا کے حالات پر حکومت اپنی ذمہ داری کا احساس ہوتا، لیکن بدقسمتی سے ملک پر ایسے لوگ مسلط کیے گئے ہیں جن کو عوام کی کوئی فکر نہیں۔