Home / اہم خبریں / پاکستان قومی اتحاد نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل مسترد کر دیا

پاکستان قومی اتحاد نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل مسترد کر دیا

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان قومی اتحاد کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد، جنرل سیکریٹری سہیل یعقوب اور دیگر ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے 30 نومبرکو مجلس عاملہ کے اجلاس میں اتفاق رائے سے سندھ اسمبلی سے منظور سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کو مسترد کردیا ہے۔ پی کیو آئی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ لوکل باڈیز ایکٹ کے نام پر سندھ حکومت مطلق العنانیت مسلط کر رہی ہے۔ ان ترامیم کے ذریعہ سندھ حکومت نے کے ایم سی کے سارے شعبوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ جس بنیاد پر صوبوں کے اختیارات کو ممکن بنایا گیا سندھ حکومت اسی کی نفی پر تلی ہوئی ہے۔ پورے صوبے اور شہر پر ان ترامیم کے انتہائی دور رس اور مضراثرات مرتب ہوں گے۔ ترامیم کے نتیجے میں اختیارات صوبائی حکومت میں مرتکز ہو رہے ہیں۔ اس سسٹم کے ذریعے جو فائدے عوام کو پہنچنے چاہئیے تھے اب ان کے ثمرات نیچے تک نہیں پہنچ پائیں گے۔ سندھ حکومت ان ترامیم کے ذریعے پورے صوبہ، اس کے اختیارات اور عوام پر اپنی اجارہ داری چاہتی ہے۔ ایک عام آدمی کو اپنی مرضی سے اپنا نمائندہ منتخب کرنے کا حق بھی چھین لیا جائیگا۔ دریں اثناء پاکستان قومی اتحاد نے کے پی کے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کی بھرپور تائید اور توثیق کی ہے جس میں بلدیاتی انتخابات کو پارٹی کی بنیاد پر کئے جانے کے حق میں فیصلہ دیا گیا ہے۔ پارٹی کی بنیاد پر ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں عوام خود کو بااختیار تصور کریں گے۔ اس لئے پی کیو آئی ایگزیکٹو اس کی تائید و تعریف کرتی ہے۔ یہی حقیقی جمہوریت ہے جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے۔ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔ سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔ پی کیو آئی وہسل بلوورکا کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ انصاف کا خون نہ ہو اور عام عوام کو حقوق مل سکیں۔ پاکستان قومی اتحاد کے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں الطاف شکور، اقبال ہاشمی، رحمت اللہ خان وزیر، ڈاکٹر محمد امجد، جاوید بخاری، پاکستان کسان اتحاد کے بانی و چیئرمین رانا محمد ظفر طاہر اور نتن کمار نے شرکت کی۔ ممبران نے کہا کہ سندھ حکومت کا سندھ کے بلدیاتی نظام پر ڈاکہ ڈالنا دراصل کراچی شہر اور اس کے وسائل پر قبضہ کرنے کی مذموم سازش ہے۔ پیپلز پارٹی اپنی ناکام ترین حکومت کو دوام بخشنے کے لئے ہر ممکن ہتھکنڈہ بروئے کار لا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کراچی کے لوگوں کے مینڈیٹ کی توہین کی مرتکب ہے۔ اہل کراچی کے حقوق کے دفاع میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ سندھ کے علی بابا اور اس کے چالیس چوروں کو صرف پی کیو آئی ہی مار بھگا سکتی ہے۔ پی کیو آئی سندھ کے شہری علاقوں پر قبضہ کرنے والے نئے بلدیاتی نظام کو رد کرتی ہے۔ لوکل باڈیز ایکٹ میں ترامیم کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے