کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) بونا فائیڈ ماہی گیروں کا دیرینہ مسئلہ حل، ماہی گیروں کے سرپرست اعلی سردار حسین اسلم بھٹی نے موڑی بانگرا جیٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا، جنگی بنیادوں پر جیٹی کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کی ہدایت، پیرا شوٹرز نے فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں آکر لوٹ مار کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، وہ ماہی گیروں کے مسائل میں اضافہ اور پیپلز پارٹی کی بدنامی کا سبب بنے، تین ماہ قبل چارج سنبھالنے والے ماہی گیر ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے کرپشن کے جن کو قابو کر کے ملازمین کو وقت پر تنخواہ اور کئی سال سے گریجویٹی کے لیے دھکے کھانے والے ریٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی کی ادائیگیاں کر دیں، ماہی گیروں کی سب سے زیاد ہ ویلفیئر کرکے بھی ریکارڈ قائم کر دیا، پیپلز پارٹی کی قیادت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کو مایوس نہیں کریں گے، سردار حسین اسلم بھٹی اور ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی کی میڈیا سے بات چیت، تفصیلات کے مطابق ماہی گیروں کے سرپرست اعلی و رہنما سردار حسین اسلم بھٹی بدھ کے روز کراچی فش ہاربر پہنچے۔ جہاں پر ایڈمنسٹریٹرزاہد ابراہیم بھٹی نے معزز مہمان کا والہانہ استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ سردار حسین اسلم بھٹی نے بونا فائیڈ ماہی گیروں کی سہولت کے لئے علیحدہ چھوٹی جیٹی موڑی بانگرا کا سنگ بنیاد رکھ کر ماہی گیروں کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا۔ جیٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر ماہی گیروں کی خوشی دیدنی تھی۔ اس موقع پر ماہی گیروں نے سردار حسین اسلم بھٹی زندہ باد، ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ سنگ بنیاد کی تقریب سے قبل قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر سردار حسین اسلم بھٹی نے فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ موڑی بانگرا جیٹی کوجنگی بنیادوں پر تعمیر کرکے جلد از جلد ماہی گیروں کے حوالے کریں۔ تاکہ ان کو مچھلی کی لینڈنگ کے دوران ہونے والی پریشانی سے جلد چھٹکارہ مل سکے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہی گیر رہنما سردار حسین اسلم بھٹی نے کہا کہ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی اور ماہی گیروں کی بدقسمتی رہی ہے کہ ماہی گیروں کے ادارے پر ہمیشہ پیرا شوٹرز مسلط ہوتے رہے۔ وہ نہ تو ماہی گیر تھے اورنہ ہی ماہی گیروں کے مسائل سے آشنا تھے۔ اور ان میں ماہی گیروں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت بھی نہیں تھی۔ انہوں نے ماہی گیروں کے ادارے فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں کرپشن اور لوٹ مار کرکے اپنی ذاتی تجوریاں بھریں۔ ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا کر وہ پیپلزپارٹی کی بدنامی کا سبب بنے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، محترمہ فریال تالپوراور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، ممبرقومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل، سید ناصر حسین شاہ، بیرسٹرمرتضی وہاب و دیگر کے شکرگزار ہیں۔ جنہوں نے پہلی بار ماہی گیروں کا ادارہ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی ماہی گیر ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی کے حوالے کیا ہے۔ اور ہم دن رات محنت کر کے ماہی گیروں کے ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے دم لیں گے۔ سردار حسین اسلم بھٹی نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کو مایوس نہیں کریں گے۔ ان کی امیدوں پر ہمیشہ پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ ہمارے ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے دن رات ایک کر کے کرپشن کے ہر سوراخ کو بند کر دیا ہے۔ جس کی بدولت ادارے کے ملازمین کی تنخواہ کی ادائیگی بروقت ہو پائی ہے۔بلکہ کئی برس قبل ریٹائرڈ ہوکر گریجویٹی کے لیے دھکے کھانے والے ریٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی کی ادائیگی بھی کر دی ہے۔ ان ملازمین کے گھروں کے چولہے ان لٹیروں نے گریجویٹی کی ادائیگی نہ کرکے بجھا دیئے تھے۔ اب ان کے گھروں کے چولہے دوبارہ سے جل اٹھے ہیں۔ سردار حسین اسلم بھٹی نے کہا کہ گزشتہ پچاس سال سے اس ادارے کی باگ ڈوران لوگوں کے ہاتھ میں تھی۔ جن کا ماہی گیری سے دورکا بھی واسطہ نہیں تھا۔ اسی وجہ ماہی گیروں کے مسائل جوں کے توں رہے۔ اب پیپلز پارٹی کی قیادت نے پہلی بارماہی گیر قیادت پر اعتماد کیا ہے۔ اگر ہمیں وقت دیا گیا تو ہم فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کو ماہی گیروں کا ایک قابل فخر ادارہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تبارک و تعالیٰ نے ہر نعمت سے نوازا ہوا ہے۔ ہمیں اس ادارے سے ایک پیسے کی لالچ نہیں ہے۔ نہ تو ہم خود چور ہیں۔ اور نہ ہی کسی چور کو چوری کی اجازت دیں گے۔ فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں کرپشن کا ہر دروازہ بند کر دیا گیا ہے۔ جس ادارے کا سربراہ ایماندار ہو۔ اس ادارے میں کوئی کیسے چوری کر سکتا ہے۔ اب اس ادارے کو ترقی کی منازل طے کرنے سے کوئی نہیں روک پائے گا۔ اورملازمین کو وقت پر تنخواہ کے ساتھ ساتھ تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ سردار حسین اسلم بھٹی نے کہا کہ ماہی گیروں کو سولر سسٹم کی فراہمی چھوٹا سا تحفہ ہے۔ ماہی گیروں کی قسمت بدلنے کے لئے بڑے منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد ماہی گیروں کی زندگی میں نمایاں بدلاؤ ہر کوئی محسوس کرسکے گا۔ میں اپنے ماہی گیروں کو مضبوط دیکھنے کا خواہشمند ہوں۔ میرے ماہی گیر ہی اصل میں میری طاقت ہیں۔ اس موقع پر ایڈ منسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ میں اور میری ٹیم سردار حسین اسلم بھٹی اور پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کی امیدوں پر انشاء اللہ پورا اتریں گے۔ اورجو ذمہ داری ہمیں دی گئی ہے۔ اسے احسن طریقے سے انجام دیں گے۔ تقریب میں معزز مہمان سردار حسین اسلم بھٹی کو فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کی شیلڈ اور اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر، ایس ایس پی بلدیہ ٹاؤن فیضان، آل کلفٹن تاجر اتحاد کے چیئرمین راشد خان، فرحان بھوتانی، جان منصور سرہندی، سہیل عالیانی، جام ممتاز، احمد مجتبی بھٹی، علی اصغر شاہ، محمد حسین، ایاز بھٹی، احمد یوسف، ستار بھٹی، عابد عارفین، شوکت حسین و دیگر شریک تھے۔