ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد غوری) سندھی میڈیا فورم کے جانب سے 5 دسمبر کو منایا جانے والے یوم ثقافت سندھ کی مناسبت سے ٹنڈوآدم میں آل ساند سماجی اتحاد نے ثقافتی رنگوں سے بھرپور مچ کچہری کا انعقاد کیا۔ جس میں سندھ کے مختلف شہروں سے سندھی ثقافت سے محبت رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس پروقار تقریب میں مقامی سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں، صحافیوں، ادیبوں، وکلا، طلبہ سمیت دور دراز سے آئے ہوئے ساند برادری کے معززین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، مچ کچہری میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے شرکا نے سندھی ٹوپی اور اجرک پہن رکھے تھے، اس موقع پر سندھ کی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے بہترین اوطاق کے میزبانی کلچر کی عکاسی بھی کی گئی، آل ساند سماجی اتحاد کے سرپرست نور محمد ساند نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھی ثقافت، امن، انسانیت اور روا داری کا مظہر ہے، ہم سب مل کر یہ ثقافتی دن مناتے ہوئے قوموں، برادریوں کا فرق مٹاکر رکھ دیتے ہیں، چاہے وہ کوئی بھی قوم یا قبیلہ ہی کیوں نہ ہو، ہم سب اپنے سگے بھائیوں کے طرح ہیں، سندھی لوگ اس ثقافتی دن کو بھرپور انداز سے مناتے ہیں، آل ساند سماجی اتحاد کے مرکزی رہمنا غلام محمد ساند، معشوق ساند، عبدالطیف ساند، عبدالقیوم ساند، غلام شبیر ساند، عاشق ساند، ذوالفقار ساند، حبیب اللہ ساند، عبدالرحمان ساند، قادر بخش ساند، عبدالستار ساند، علی ڈنو ساند اور دیگر نے کہا کہ سندھ کی ثقافت پانچ ہزار سال سے بھی قدیم تہذیب ہے، سندھی ثقافت امن کا پیغام دیتی ہے، جو قومیں اپنی تاریخ یاد نہیں رکھتی وہ دنیا سے مٹ جاتی ہیں۔ اس موقع پر سگھڑ کچہری، ادبی کانفرنس، سندھی ساز و موسیقی پیش کی گئی جس میں مایہ ناز گلوکاروں فائزہ علی، شاہد جبار جونیجو، استاد حمیر علی خان، جئہ رام، غلام نبی خاصخیلی اور دیگر نے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔