کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر کراچی کے حلقے این اے-243 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوارشیخ محمد شاہجہاں نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے دیرینہ ساتھی حاجی شکیل کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے قائد میاں محمد نواز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف کی بے گناہی کی گواہی کا راستہ زمین و آسمان کے مالک کی طرف سے ہموار ہو رہا ہے، جج ارشد ملک ہو یا رانا شمیم قدرت سب سے سچ اگلوا رہی ہے، عوام کی خدمت اور پاکستان کو محفوظ ریاست بنانے والے میاں محمد نواز شریف کی آزمائش کے دن اپنے اختتام کی طرف جا رہے ہیں، قائد اور محترمہ مریم نواز شریف کو خلائی مخلوق نے نشانہ بنایا لیکن آسمان والے نے الزامات کے سونامی کو نااہلی اور مہنگائی میں دفن کر دیا ہے، لاہور میاں محمد نواز شریف کے دیرینہ ساتھی حاجی شکیل کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے حلف نامے کی خبر سننے کے بعد شیخ محمد شاہجہاں اور حاجی شکیل نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وقت دنیا کی عدالتوں سے بھی بڑا منصف ہے، قائد اور ان کی صاحبزادی کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے اب کسی سرٹیٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں رہ گئی ہے، حکمرانوں کا انتقام اور ماضی کے چیف جسٹس کے ظلم اور ناانصافیاں اب خود بول رہی ہیں، لاہور کے اہم دورے پر آئے ہوئے مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر شیخ محمد شاہجہاں نے کہا کہ قوم ماضی کی طرح آج بھی میاں محمد نواز شریف کو ہی حقیقی مسیحا سمجھتی ہے، پاکستانی قوم گذشتہ تین سالوں میں مسلط حکمرانوں کے ظالمانہ اقدامات، جبر و ستم اور الزامات کے پلندوں کے باوجود میاں محمد نواز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، حکمرانوں نے اپنے مسائل کم کرنے کے لئے قائد نواز شریف کو جبرا ملک سے باہر بھیجا، محترمہ مرین نواز شریف، محترم شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف سمیت قائد کے ساتھیوں کو جیلوں میں ڈالا لیکن میاں محمد نواز شریف اور عوام کے مابین محبت کے رشتے کو ختم کرنے میں ناکام رہے، سچ کا سورج ہر روز سوا نیزے پر آکر حکمرانوں کے چہرے بے نقاب کر رہا ہے، شیخ محمد شاہجہاں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی وطن واپسی کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکے گی اور عوام کا سمندر اپنے محبوب قائد کو چوتھی مرتبہ پاکستان کا وزیر اعظم بنائے گا، میاں محمد نواز شریف کے معتمد خاص اور دیرینہ ساتھی حاجی شکیل نے اللہ کا شکر بجا لاتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کی گئی سازشیں اور جھوٹے مقدمات اپنی موت آپ مر رہے ہیں، میرے رہبر اور قائد کے خلاف سازشیں دم توڑ رہی ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد میرے رہبر و قائد میاں محمد نواز شریف اپنے عوام کے درمیان ہونگے۔