کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی موثر پالیسیوں کی بدولت کورونا وبا کے بعد ملک میں معاشی سرگرمیاں پھر سے بحال ہوچکی ہیں حکومت صنعت اور تجارت سمیت تمام شعبوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تاکہ ملک کی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ روزگار نئے مواقعے پیدا کئے جاسکیں کراچی ایکسپو سینیٹر میں جاری تین روزہ فرنیچر اینڈ لیونگ ایکسپو کے دورے کے موقع پر میڈٰیا سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا ہمیں خوشی ہے کہ کووڈ کے دوران ایسی نمائش ہو رہی ہے کووڈ کی صورتحال کے دوران ایکسپو سینٹر کو ایمرجنسی مرکز اور ویکسینیشن سینٹر بنا دیا گیا تھا یہاں نمائشی سرگرمیوں کی بحالی خوش آئند اور حوصٓلہ افزا ہے انہوں نے کہا کووڈ کے دوران دنیا بھر کی معشیتیں متاثر ہوئی۔ پاکستان میں عمران خان نے ایسی پالیسی مرتب کی جس میں آجر و اجیر، مزدور اور صنعتکار، بڑے تاجر اور چھوٹے دکاندار سب کا خیال رکھا گیا یہ انہیں پالیسیوں کو تسلسل ہے کہ ملک میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں انہوں نے مزید کہا پی ٹی آئی کی حکومت تمام فریقین کو ساتھ لیکر چل رہی ہے کووڈ کے دوران جہاں کم آمدنی والے خاندانوں کو 12000 روپے فی کس مالی معاونت دی گئی وہیں صنعتکاروں کو بجلی اور دیگر مدوں میں مراعات دی گئیں تاکہ وہ مشکل صورتحال میں اپنا کام جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقدامات کے مثبت نتائج آرہے ہیں کاروبار سہولیات اور آسانیوں کے لحاظ سے پاکستان کی صورتحال حوصلہ افزا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مینوفیکچرنگ میں اضافہ ہو تاکہ برآمدات بڑھائی جا سکیں اور درآمد میں کمی ہو کیوں کہ برآمدات زیادہ ہونے کی صورت میں ڈالر باہر جاتا ہے اور ملکی خزانے پر دباؤ پڑتا ہے جبکہ ملکی سطح پر صنعتی پیداوار کے اضافے سے نہ صرف زر مبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوگا اور روزگار کے مواقعہ بھی بڑھیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا فرنیچر انڈسٹری میں وسیع مواقع موجود ہیں چھوٹے کاروبار شروع کریں حکومت کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈٰی ایم پاپا ڈیڈی مولانا بچاؤ تحریک ہے جو دوبارہ میدان میں نظر آنے لگی ہے افغانستان اور ٹی ایل پی کے معاملے کو لیکر انہوں نے پیشن گوئیاں شروع کر دی تھی لیکن یہ بھول گئے تھے کہ عمران خان مشکل حالات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں پی ڈی ایم میں موسمی بخار کی طرح ہے جو گرمی میں ظاہر نہیں ہوتا اور سردیوں میں باہر نکل آتا ہے کیوں کہ ان کے لیڈروں کو گرمی لگتی ہے عمران خان نے اس بیماری کی بھی ویکسین تیار کر لی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں ںے کہا پوری دنیا میں توانائی کو بحران ہے گیس کی کمی یا قیمتوں میں اضافہ ہمارے آنے سے نہیں ہوا بلکہ گزشتہ حکومتوں کی نااہلی اس کی بنیادی وجہ ہے کہ انہوں ںے اپنے دور اقتدار میں تیل اور گیس کے ملکی ذخائر اور وسائل میں اضافے کے لئے کچھ نہیں کیا اگر اس دور میں تیل کی تلاش اور پیدوار میں اضافے پر کام کیا جاتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی پی ٹی آئی نے نئے سرے سے کام شروع کر دیا ہے اور آئندہ پچاس سال کو سامنے رکھ کر منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے ایکسپو سینٹر میں لگائے گئے مختلف اسٹال کا دورہ کیا اور رکھی گئی مصنوعات کا معائنہ بھی کیا۔