کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مہنگائی کے خلاف پی ڈی ایم کے ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں پی ڈی ایم سندھ نے 13 نومبر کو کراچی کے علاقے صدر ریگل چوک میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سندھ کے اجلاس میں کیا گیا جو کنوینئر پی ڈی ایم سندھ مولانا راشد محمود سومرو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سید شاہ محمد شاہ، مفتاح اسماعیل، قومی وطن پارٹی کے سردار احمد خان، نیشنل پارٹی کے مجید ساجدی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے بشیر مندوخیل، بلوچستان نیشنل پارٹی کے حمید ساجنا، جمعیت علماء پاکستان کے مستقیم نورانی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رحمت اللہ کاکڑ، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری اور مولانا عبدالکریم عابد نے شرکت کی۔ پی ڈی ایم سندھ کے رہنماؤں نے مرکزی قیادت کے فیصلے کے تحت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف 13 نومبر ہفتے کو دوپہر دو بجے ریگل چوک صدر کراچی میں بڑے احتجاجی مظاھرے کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی۔ پی ڈی ایم سندھ کے کنوینئیرعلامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ کراچی مظاہرے میں پی ڈی ایم کے مرکزی قائد مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر مرکزی قیادت بھی شرکت کرے گی جس کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اجلاس مین فیصلہ کیا گیا کہ کراچی مظاھرے کو تاریخی بنانے کے لیے تمام جماعتوں کی قیادت اپنا کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں شریک رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی سے عام آدمی کی کمر ٹوٹ چکی ہے،عوام کی نظریں اب پی ڈی ایم کی جانب ہیں اور پی ڈی ایم کی مہنگائی کے خلاف تحریک حکمرانوں کی رخصتی پر منتج ہوگی۔