کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جونا گڈھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری عبدالعزیز عرب نے ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات احسن اقدام ہے، پر تشدد رویے سے ملک و ملت کا ہی نقصان ہوگا، مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جانا چاہیے۔ اپنے ایک بیان میں عبدالعزیز عرب کا کہنا تھا کہ حرمت رسول کا تحفظ ہر مسلمان کی اولین ترجیح ہے، کوئی بھی مسلمان اس مسئلے پر نہ تو خاموش بیٹھ سکتا ہے اور نہ ہی پرامن، ایسے معاملات میں حکومت کی ذمے داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ مسلم ریاست ہونے کا حق ادا کرے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک انتشار اور افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے، حالات کی کشیدگی سے ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھاتے ہیں اس لیے معاہدہ وقت کی ضرورت تھی اور خوشی ہے کہ اسے احسن طریقے سے سرانجام دیا گیا۔