کراچی (رپورٹ: عقیل احمد راجپوت) یوم شہدائے پولیس کے موقع پر آئی جی سندھ نے سی پی او میں قائم یادگار شہداء پر سلامی دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پرشہداء پولیس کے بچے بطورِ مہمان خصوصی موجود تھے جنہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ ملکی سطح پر چار اگست کے روز ہر سال یوم شہدائے پولیس منانے کا مقصد شہداء کی جرائم کے خلاف بے پناہ جرأت اور کارہائے نمایاں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور انکے لواحقین میں یہ احساس اُجاگر کرنا ہے کہ وہ تنہا نہیں بلکہ پولیس فورس انکے ساتھ ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشن، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اینڈ ٹریننگ سندھ، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔