کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پو لیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے سائیٹ میٹروول میں مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب ڈکیت گروپ خیالو کے 2 ملزمان خلیل احمد افغانی عرف خیالو اور حیات اللہ افغانی عرف فریادی کو گرفتار کر لیا ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے اور کراچی میں رہائش پزیر ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔ دوران تفتیش ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان نے مورخہ 5 جون 2021 کو میٹروول کے علاقے میں موبائل شاپ میں ڈکیتی کی واردات کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کو سی سی ٹی وی ویڈیو میں ڈکیتی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ، ایمو نیشن اور منشیات مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔