کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) القادر فاونڈیشن کا اجلاس فاؤنڈیشن کے چیئرمین غلام ہاشم نورانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فاؤنڈیشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ فلاحی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غلام ہاشم نورانی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ غریب افراد کو 2 وقت کا کھانا میسر نہیں ہے۔ ان حالات میں فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کو اپنی سرگرمیوں کا دارہ کار بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مستحق کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں مزید 5 کچی آبادیوں میں القادر کلینک کا آغاز کر رہے ہیں، جس سے غریب اور مستحق افراد کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم ہوںگی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں، یتیموں، مسکینوں، ناداروں کی ہر ممکن مدد کر کے دل اور روح کو جو سکون ملتا ہے اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کم وسائل رکھنے والوں اور بالخصوص بیواؤں اور یتیموں کی مدد کرنا اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ ہمارا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے کہ اپنے ارد گرد گہری نظر رکھیں اور دوسروں کی ہر ممکن مدد کریں کیونکہ انسانیت کی خدمت کرنا ہی دراصل انسانیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ” القادر فاؤنڈیشن اس سے قبل بھی غریبوں کی کفالت کے لیئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس کے تحت کروڑوں غربا کی مالی امداد کی جارہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ ڈسپنسریز اور اسپتالوں کے قیام کے لیے بھی ہم پرعزم ہیں۔ مخیر حضرات کے تعاون سے بیوہ خواتین کی امداد، غریب بچیوں کی شادیوں سمیت دیگر منصوبے بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں لاتعداد عوامی فلاحی منصوبوں کو شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس سے ملک کا غریب طبقہ مستفید ہوگا اور مستقبل قریب میں چھوٹی سطح پر غریب لوگوں کو آسان اور بلاسود قرض کی فراہمی بھی کی جائے گی جس سے وہ چھوٹے لیول پر اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے تاکہ بیروزگاری جیسے دیرینہ مسئلے کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے۔