تازہ ترین
Home / اہم خبریں / کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے جنگی جہاز کے پرزہ جات تیار کرسکتے ہیں۔ ایئر وائس مارشل ندیم اختر

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے جنگی جہاز کے پرزہ جات تیار کرسکتے ہیں۔ ایئر وائس مارشل ندیم اختر

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ملک میں انڈسٹیلائیزیشن میں کمی کے باعث پاک فضائیہ کو پرزہ جات درآمد کرنا پڑتے ہیں، اگر مقامی انڈسٹری خصوصاً کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) تعاون کرے تو مقامی سطح پر چھوٹے پرزہ جات تیار کرکے ملک میں تیار ہونے والے جنگی طیاروں اور دیگر مشینری کو کم لاگت میں تیار کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی، کورنگی کریک کے ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان، ستارہ امتیاز (ملٹری) نے کاٹی کے دورے کے موقع پر کیا۔ ان کے ہمراہ پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی کورنگی کریک کے نو منتخب کمانڈنگ آفیسر ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان اور سی ای او کینٹ بورڈ کورنگی کریک عمر معصوم وزیر بھی موجود تھے، جبکہ ذکی شریف، نگہت اعوان، جوہر قندھاری، شیخ منظر عالم، احتشام الدین، فرحان الرحمان اور ایس ایم یحییٰ و دیگر نے بھی شرکت کی۔ ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ چین کے تعاون سے جے ایف 17 تھنڈر کامیابی سے تیار کر رہے ہیں جس میں مقامی صنعتکار چھوٹے پرزے تیار کرنے میں تعاون کریں تو طیارے پر خرچ ہونے والی لاگت کو کم کیا جاسکتا ہے، جس سے طیارے فروخت کرنے پر نہ صرف ملک کو زیادہ منافع ہوگا بلکہ انڈسٹری بھی ترقی کرے گی۔ ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ اور انڈسٹری کا ساتھ چلنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم سب کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ پاک فضائیہ دنیا کی واحد ایئر فورس ہے جو اپنے جنگی جہاز خود تیار کرتی ہے، دیگر فضائی افواج اپنے طیارے کمپنیوں سے خریدتے اور انہی سے دیکھ بھال کراتے ہیں، جبکہ پاکستان کی ائیر فورس اپنے جنگی جہاز جس میں جے ایف 17 تھنڈر اور مشاق طیارے شامل ہیں خود تیار کرتی ہے اور ان کی دیکھ بھال بھی خود ہی کرتی ہے۔ اس سے قبل اپنے خطاب میں کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ملک کی سلامتی کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ پاک فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارہ بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیارہ، ایف 16 سے کہیں بہتر اور دنیا کے بہترین جنگی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان اس طیارے کو فروخت بھی کر رہا ہے۔ ایس ایم منیر کا مزید کہنا تھا کہ چند عناصر کراچی کو معاشی طور پر غیر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، اگر کراچی کو تنزلی کی جانب دکھیلا گیا تو ملک معاشی بحران کا شکار ہو جائے گا۔ حکومت اچھے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کی شرح 4 فیصد پر آنا خوش آئند ہے اور امید ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ ملکی برآمدات بڑھ رہی ہیں، ترسیلات زر، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ درآمدات بھی کم ہورہی ہیں جو معاشی ترقی کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے آئندہ چند ماہ میں ملک معاشی ترقی کرکے ایشین ٹائیگر بن سکتا ہے۔ ایس ایم منیر نے خواہش کا اظہار کیا کہ بھارتی جہازوں کو مار گرانے والے پاک فضائیہ کے قومی ہیروز ونگ کمانڈر نعمان اور اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی کو کاٹی میں مدعو کریں اور انہیں بزنس کمیونٹی کی جانب سے خراج تحسین پیش کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاٹی کے صدر سلیم الزماں نے ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان کو کاٹی آمد پر خوش آمدید کرتے ہوئے کورنگی صنعتی علاقے کی افادیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارتوں اور کامیابیوں کا پورا عالم معترف ہے، ہمیں اپنی مسلح افواج کی غیر متزلزل ہمت اور قربانیوں پر فخر ہے۔ صدر کاٹی نے افواج پاکستان خصوصاً پاک فضائیہ کی قربانیوں اور خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ کائیٹ کے سی ای او زبیر چھایا نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی کاوشوں کے بعد کراچی میں سکون قائم ہوا ہے۔ دفاعی اداروں نے ملک کی بقا اور استحکام کیلئے لا زوال قربانیاں دی ہیں۔ زبیر چھایا نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کراچی سے شروع ہوتی ہے، نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے ضروری ہے کہ کراچی میں انڈسٹریلائیزنشن کو فروغ دیا جائے۔ تقریب سے کاٹی کی ڈیفنس کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین طارق ملک نے کہا کہ ہم پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ملک کی حفاظت کی، انہی کی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

کمالیہ شہر کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کو ختم کیا جائے

    ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نام تحریری درخواست دے دی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے